Site icon Urdu Ai

گوگل جیمینائی سے چند لمحوں میں اپنا کسٹم ڈیش بورڈ بنائیں

Make Custom Dashboards with Google Gemini in Seconds | Urdu Ai

گوگل جیمینائی سے چند لمحوں میں اپنا کسٹم ڈیش بورڈ بنائیں

گوگل جیمینائی سے چند لمحوں میں اپنا کسٹم ڈیش بورڈ بنائیں

جب بھی آپ نے کسی بینک، اسکول یا کرکٹ میچ کی معلومات دیکھی ہوں تو ممکن ہے کہ آپ نے ایک خاص قسم کی اسکرین دیکھی ہو جس پر مختلف اعداد و شمار ایک خوبصورت انداز میں دکھائے جا رہے ہوں۔ اسی کو ڈیش بورڈ کہا جاتا ہے۔ آسان الفاظ میں ڈیش بورڈ ایک ایسا صفحہ ہوتا ہے جو مشکل اور بے ترتیب ڈیٹا کو آسان، واضح اور خوبصورت انداز میں پیش کرتا ہے تاکہ آپ آسانی سے سمجھ سکیں کہ کیا ہو رہا ہے اور فوری فیصلہ کر سکیں۔ مثلاً اگر کسی کلاس میں 100 بچے ہیں اور سب کے نمبر الگ الگ فہرست میں دیے گئے ہوں، تو ان سب کو پڑھنا اور سمجھنا مشکل ہوگا۔ لیکن اگر وہی معلومات گراف اور خاکوں کی شکل میں ڈیش بورڈ پر ہوں تو ہر چیز فوراً سمجھ میں آ جائے گی۔

ماضی میں ایسا ڈیش بورڈ بنانا ایک ماہر کی مہارت کا کام ہوتا تھا۔ آپ کو ایکسل، کوڈنگ اور مخصوص سافٹ ویئرز استعمال کرنے آتے ہوں تو ہی آپ یہ کام کر سکتے تھے۔ لیکن اب گوگل کے جدید اے آئی ماڈل جیمینائی (Gemini) نے یہ کام آسان کر دیا ہے۔ اب آپ بغیر کوڈنگ سیکھے، صرف اپنی ہدایات دے کر ایک خوبصورت ڈیش بورڈ بنا سکتے ہیں۔ یہی چیز آج ہم آپ کو اس بلاگ میں سکھائیں گے تاکہ آپ بھی چند منٹوں میں اپنا ذاتی یا کاروباری ڈیش بورڈ بنا سکیں۔

شروع کرنے کے لیے آپ کو Google Gemini کی  ایپ یا ویب سائٹ پر جانا ہوگا۔ وہاں آپ کو “کینوس” (Canvas) نامی ایک ٹول ملے گا۔ یہ ٹول آپ کو یہ سہولت دیتا ہے کہ آپ اپنی ضرورت کو سادہ الفاظ میں بیان کریں اور یہ اے آئی اُسے خودکار طور پر کوڈ میں بدل کر ایک عملی نتیجہ یعنی ڈیش بورڈ کی صورت میں پیش کر دے۔ اگر آپ کوڈنگ نہیں جانتے، تو کوئی بات نہیں۔ آپ کو صرف یہ بتانا ہے کہ آپ کو کس قسم کا ڈیش بورڈ چاہیے۔ جیسے کہ: “مجھے ایک اسکول کی حاضری کا ڈیش بورڈ چاہیے جس میں ہر مہینے کی تعداد، غیر حاضر طلبہ، اور کل طلبہ کی معلومات شامل ہوں۔”

اب جیسے ہی آپ یہ ہدایات دیں گے، Gemini کا اے آئی سسٹم ایک کوڈ تیار کرے گا اور اس کا پیش نظارہ (Preview) بھی آپ کو دکھائے گا۔ اگر آپ کو لگے کہ کچھ رنگ تبدیل کرنے ہیں یا ہیڈنگ کا انداز بدلنا ہے، تو آپ دوبارہ تبدیلی کی ہدایت دے سکتے ہیں۔ ایک مرتبہ جب آپ کو نتیجہ پسند آ جائے، تو آپ اس کوڈ کو کاپی کر لیں اور “اردو اے آئی” کی ویب سائٹ https://urduai.org/code پر جا کر پیسٹ کریں۔ وہاں آپ فائل کا نام رکھ کر اسے ایک HTML فائل کی صورت میں محفوظ کر سکتے ہیں۔ اس فائل کو آپ اپنے موبائل یا کمپیوٹر میں رکھ سکتے ہیں اور جب بھی ضرورت ہو کھول کر استعمال کر سکتے ہیں۔

اس پورے عمل کا فائدہ یہ ہے کہ ایک مرتبہ جو ڈیش بورڈ آپ نے بنایا، وہ آپ کے پاس محفوظ ہو جائے گا اور آپ جب چاہیں اس میں ڈیٹا ڈال کر نئی رپورٹ یا تصویر بنا سکتے ہیں۔ اگر آپ چاہیں تو اسی فائل کو PDF یا تصویر (Image) میں بھی ایکسپورٹ کر سکتے ہیں۔ یہ سارا عمل مکمل طور پر مفت ہے اور آپ کو کسی بھی قسم کا خرچہ نہیں آتا۔

اب سوال یہ ہے کہ آپ کس قسم کے ڈیش بورڈ بنا سکتے ہیں؟ تو اس کی بہت ساری مثالیں ہیں۔ اگر آپ استاد ہیں تو کلاس کی حاضری اور کارکردگی کے اعداد و شمار دکھانے والا ڈیش بورڈ بنا سکتے ہیں۔ اگر آپ کسی کمپنی یا دکان کے مالک ہیں تو سیلز کی کارکردگی کا ڈیش بورڈ بنا سکتے ہیں۔ اگر آپ کرکٹ ٹیم کے کوچ ہیں تو کھلاڑیوں کے اسکورز، اوورز اور وکٹس کا حساب رکھنے والا ڈیش بورڈ بنا سکتے ہیں۔ یہاں تک کہ اگر آپ کسی اسکول کی کئی برانچز کے نگران ہیں، تو آپ ہر برانچ کی کارکردگی کا موازنہ کر کے ڈیش بورڈ پر دکھا سکتے ہیں۔

اس پورے عمل میں ایک اہم بات یہ ہے کہ آپ اردو میں بھی ہدایات دے سکتے ہیں۔ جی ہاں! Gemini کا اے آئی اردو زبان کو بھی بخوبی سمجھتا ہے۔ تو اگر آپ چاہیں تو اسے کہہ سکتے ہیں: “مجھے ایک ایسا ڈیش بورڈ بنا کر دو جو اسکول کے طلبہ کی ماہانہ حاضری دکھاتا ہو۔” اے آئی اس ہدایت کو کوڈ میں بدل کر آپ کو نتیجہ دے دے گا۔ پھر آپ اپنی مرضی سے کلاس، مہینہ، طلبہ کی تعداد اور غیر حاضریاں شامل کر سکتے ہیں۔

فرض کریں کہ آپ نے کلاس پنجم کے لیے ایک ڈیش بورڈ بنانا ہے۔ تو آپ ڈیٹا میں لکھیں گے: کلاس – پنجم، کل طلبہ – 100، غیر حاضر – 10۔ جیسے جیسے آپ نئی کلاسز کا ڈیٹا شامل کرتے جائیں گے، ڈیش بورڈ بنتا جائے گا۔ اگر آپ چاہیں کہ یہ سب کچھ اُردو میں ہو تو اے آئی سے کہیں: “تمام متن اردو میں دکھاؤ۔” اگر آپ چاہتے ہیں کہ آخر میں آپ اسے ایک خوبصورت تصویر کی شکل میں محفوظ کریں، تو اے آئی سے کہیں: “اسے ایک تصویر کی صورت میں ایکسپورٹ کرو۔”

ایک اور فائدہ یہ ہے کہ یہ فائل مکمل آپ کی اپنی ہے۔ آپ چاہیں تو اس میں اسکول کا نام، لوگو، سال، مہینہ، کلاسز وغیرہ شامل کر کے ایک مکمل رپورٹ تیار کر سکتے ہیں۔ یہ فائل آپ کے کمپیوٹر یا موبائل میں ہمیشہ کے لیے موجود رہے گی اور جب بھی آپ کو اس میں کچھ تبدیل کرنا ہو، تو دوبارہ Google Gemini پر جا کر کوڈ میں تبدیلی کروائیں اور نئی فائل بنا لیں۔

اس پورے عمل کو سیکھنے اور آزمانے کے لیے صرف کچھ منٹ درکار ہیں۔ اگر آپ کو سمجھنے میں کوئی مشکل پیش آئے، تو اردو اے آئی کے یوٹیوب چینل پر موجود ویڈیوز دیکھیں، یا https://urduai.org پر موجود ہدایات سے مدد لیں۔

Exit mobile version