مائیکروسافٹ کوپائلٹ وژن: آپ کی اسکرین پر ایک نیا ذہین ساتھی
مائیکروسافٹ نے ایک اور اہم سنگِ میل عبور کر لیا ہے۔ اب امریکہ میں ونڈوز صارفین کو ایک ایسا ڈیجیٹل ساتھی دستیاب ہے۔ جو صرف سننے اور بولنے تک محدود نہیں، بلکہ وہ وہی کچھ دیکھتا ہے جو آپ کی اسکرین پر ہوتا ہے۔ جی ہاں، ہم بات کر رہے ہیں کوپائلٹ وژن کی جو نہ صرف ایک نیا فیچر ہے بلکہ مائیکروسافٹ کی جانب سے ٹیکنالوجی کو روزمرہ زندگی میں مزید مؤثر بنانے کی تازہ ترین کوشش بھی ہے۔ اب جب آپ اپنے کمپیوٹر پر کام کر رہے ہوں، تو یہ سمجھیں کہ ایک سمجھدار اور مددگار دوست بھی ساتھ بیٹھا ہے۔
کوپائلٹ وژن کیا ہے؟
کوپائلٹ وژن ایک ایسا جدید فیچر ہے جو صارف کے کمپیوٹر اسکرین پر ہونے والی سرگرمیوں کو نہ صرف دیکھتا ہے بلکہ ان کا تجزیہ کرتے ہوئے آپ کو رہنمائی بھی فراہم کرتا ہے۔ اس کا بنیادی مقصد یہ ہے کہ جب آپ کمپیوٹر پر کچھ بھی کر رہے ہوں چاہے وہ براؤزنگ ہو، ویڈیو ایڈیٹنگ ہو یا کسی فائل پر کام کوپائلٹ ہر قدم پر آپ کے ساتھ ہو اور آپ کی رہنمائی کرے۔
کوپائلٹ کیسے کام کرتا ہے؟
اس فیچر کو استعمال کرنے کے لیے آپ کو کوپائلٹ ایپ کھولنی ہوتی ہے۔ جہاں ایک “glasses” آئیکن نظر آتا ہے۔ اس پر کلک کریں، اپنی مطلوبہ ایپ یا براؤزر ونڈو منتخب کریں اور کوپائلٹ سے اپنی ضرورت کے مطابق سوال کریں۔ مثلاً اگر آپ کوئی ای میل لکھ رہے ہیں تو کوپائلٹ اس ای میل کا تنقیدی جائزہ لے کر آپ کو بہتر تجاویز فراہم کر سکتا ہے۔
Highlights: آپ کی عملی رہنمائی
“Highlights” کوپائلٹ وژن کا سب سے نمایاں اور منفرد فیچر ہے۔ فرض کریں آپ Excel میں کوئی فارمولا نہیں سمجھ پا رہے۔ تو آپ کو صرف یہ پوچھنا ہے کہ “یہ کیسے کریں؟” اور کوپائلٹ آپ کو متعلقہ جگہ پر نشاندہی کرے گا کہ کہاں کلک کرنا ہے اور کیا ٹائپ کرنا ہے۔
یہ فیچر نہ صرف نوبتدئیے بلکہ ماہر صارفین کے لیے بھی انتہائی مفید ہے، خاص طور پر جب وقت کی قلت ہو اور فوری رہنمائی درکار ہو۔
دو ایپس کی بیک وقت شیئرنگ
اب صارفین ایک وقت میں دو ایپلی کیشنز کو کوپائلٹ کے ساتھ شیئر کر سکتے ہیں۔ اس سے کوپائلٹ کو زیادہ سیاق و سباق میسر آتا ہے اور وہ بہتر تجاویز دے سکتا ہے۔ مثال کے طور پر، اگر آپ ایک جانب Word میں تحریر لکھ رہے ہیں۔ اور دوسری جانب کوئی تحقیق گوگل کر رہے ہیں۔ تو کوپائلٹ دونوں چیزوں کو یکجا کر کے آپ کی معاونت کر سکتا ہے۔
مکمل کنٹرول صارف کے ہاتھ میں
یہ فیچر مکمل طور پر صارف کی اجازت پر مبنی ہے۔ جب چاہیں آپ شیئرنگ بند کر سکتے ہیں یا ‘X’ پر کلک کر کے اسے روک سکتے ہیں۔ مائیکروسافٹ نے یقین دہانی کرائی ہے کہ کوپائلٹ وژن ایک محفوظ، پرائیویسی دوست اور اختیاری ٹول ہے۔
کوپائلٹ لیبز اور نئے فیچرز
یہ فیچر فی الحال “Copilot Labs” کے تحت جاری کیا گیا ہے جہاں نئے تجربات کیے جاتے ہیں۔ اس میں “Deep Research” اور “File Search” جیسے فیچرز بھی شامل کیے گئے ہیں۔ جو آپ کو مخصوص ڈیٹا اور دستاویزات تلاش کرنے میں مدد دیتے ہیں۔ ڈیپ ریسرچ فیچر کی تفصیل یہاں پڑھیں
مستقبل کی جھلک
مائیکروسافٹ کے مطابق، کوپائلٹ وژن کا مقصد صرف یہ نہیں کہ وہ ایک ٹول ہو۔ بلکہ ایک ایسا ساتھی ہو جو آپ کے اہداف کو سمجھے اور قدم بہ قدم آپ کی رہنمائی کرے۔ آنے والے دنوں میں اسے مزید بہتر بنانے اور دیگر ممالک میں بھی متعارف کرانے کی منصوبہ بندی کی جا رہی ہے۔
کہاں دستیاب ہے؟
فی الحال یہ فیچر صرف امریکہ میں ونڈوز 10 اور 11 صارفین کے لیے دستیاب ہے۔ تاہم مائیکروسافٹ نے اشارہ دیا ہے کہ جلد ہی یہ دیگر غیر یورپی ممالک میں بھی دستیاب ہوگا۔