چیٹ جی پی ٹی پر خریداری: انسٹنٹ چیک آؤٹ اور ایجنٹک کامرس پروٹوکول کیا ہے؟
ہر ہفتے دنیا بھر سے 70 کروڑ سے زیادہ لوگ چیٹ جی پی ٹی استعمال کرتے ہیں۔ یہ لوگ روزمرہ کے سوالات، مشوروں اور چیزوں کی تلاش کے لیے چیٹ جی پی ٹی کا سہارا لیتے ہیں۔ اب ایک نیا فیچر متعارف ہوا ہے جس سے یہ ممکن ہو گیا ہے کہ صرف معلومات ہی نہ لی جائے بلکہ چیٹ جی پی ٹی سے براہِ راست خریداری بھی کی جا سکے۔ اس کا نام ہے انسٹنٹ چیک آؤٹ۔
اوپن اے آئی نے یہ نیا سسٹم ایک خاص ٹیکنالوجی سے بنایا ہے جسے ایجنٹک کامرس پروٹوکول کہتے ہیں۔ اس سسٹم کو بنانے میں مشہور ادائیگی کمپنی Stripe نے بھی مدد کی ہے۔ اب اگر آپ چیٹ جی پی ٹی پر کوئی پراڈکٹ تلاش کرتے ہیں۔ جیسے کہ “100 ڈالر سے کم کی بہترین جوتیاں” تو چیٹ جی پی ٹی آپ کو اچھی اور مناسب قیمت کی جوتیاں دکھائے گا۔ اگر دکھائی گئی جوتی میں “Buy” یعنی خریدنے کا بٹن موجود ہو تو آپ اُسے چیٹ چھوڑے بغیر خرید سکتے ہیں۔ بس شپنگ ایڈریس اور پیمنٹ تفصیل چیک کریں۔ اور آرڈر مکمل ہو جائے گا۔ یہ سب عمل صرف چیٹ ونڈو میں رہتے ہوئے کیا جا سکتا ہے۔ نہ کسی اور ویب سائٹ پر جانا پڑتا ہے، نہ فارم بھرنا پڑتا ہے، نہ ہی بار بار معلومات دینا پڑتی ہے۔
یہ سہولت ابھی صرف امریکہ میں دستیاب ہے اور صرف اُن صارفین کے لیے ہے جو چیٹ جی پی ٹی کا پلس، پرو یا مفت ورژن استعمال کرتے ہیں۔ شروعات میں Etsy کے دکاندار شامل ہیں۔ جلد ہی Glossier، SKIMS، Spanx اور Vuori جیسے بڑے برانڈز بھی شامل کیے جائیں گے۔ ابھی صرف ایک چیز خریدی جا سکتی ہے لیکن جلد ہی آپ ایک ساتھ کئی چیزیں خرید سکیں گے۔ اس طرح صارفین کو ایک جدید، آسان اور تیز خریداری کا تجربہ ملتا ہے جو پہلے ممکن نہیں تھا۔
جب آپ خریداری کرتے ہیں تو چیٹ جی پی ٹی خود کوئی سامان یا پیمنٹ نہیں سنبھالتا۔ یہ صرف ایک مددگار کی طرح کام کرتا ہے، جو آپ اور دکاندار کے درمیان معلومات کا تبادلہ کرتا ہے۔ یعنی چیٹ جی پی ٹی خود کوئی مرچنٹ نہیں ہے، بلکہ وہ صرف آپ کی طرف سے دکان دار کو آرڈر اور تفصیلات پہنچاتا ہے۔ یہ ایک اے آئی ایجنٹ کی طرح کام کرتا ہے جو آپ کی جانب سے کام آسان بناتا ہے۔
ایجنٹک کامرس پروٹوکول دراصل ایک خاص اصولوں کا مجموعہ ہے جو یہ طے کرتا ہے کہ اے آئی، صارف اور دکاندار کس طرح مل کر محفوظ اور آسان خریداری کا عمل مکمل کریں۔ اس سسٹم کی سب سے بڑی خوبی یہ ہے کہ اسے کسی بھی کاروبار، ویب سائٹ یا ایپ میں استعمال کیا جا سکتا ہے۔ مرچنٹس یعنی دکانداروں کو اس کے لیے اپنا سسٹم بدلنے کی ضرورت نہیں ہوتی۔ وہ جیسے پہلے کام کر رہے ہوتے ہیں۔ ویسے ہی کام جاری رکھتے ہیں۔ صرف ایک سادہ سا کوڈ یا API کنکشن استعمال کر کے وہ چیٹ جی پی ٹی کے انسٹنٹ چیک آؤٹ سے جُڑ سکتے ہیں۔ اس میں سب سے زیادہ فائدہ مرچنٹس کو یہ ہوتا ہے کہ ان کا کنٹرول صارف کے ساتھ جُڑا رہتا ہے۔ جیسے کہ آرڈر، واپسی، ادائیگی یا سپورٹ وغیرہ۔
اگر کوئی دکاندار پہلے ہی Stripe استعمال کر رہا ہے تو صرف ایک لائن کوڈ سے یہ سسٹم چالو ہو جاتا ہے۔ اگر وہ کوئی دوسرا پیمنٹ سسٹم استعمال کرتا ہے تو بھی وہ اس سسٹم میں شامل ہو سکتا ہے۔ چاہے وہ Stripe کا ٹوکن استعمال کرے یا ایجنٹک پروٹوکول کی مخصوص پیمنٹ فائل۔ اس طرح کسی کو اپنا سسٹم بدلنے یا نیا بنانے کی ضرورت نہیں ہوتی۔
اوپن اے آئی نے اس سسٹم کو محفوظ بنانے کے لیے بہت سے اقدامات کیے ہیں۔ مثال کے طور پر کوئی بھی چیز خریدنے سے پہلے ہر قدم پر صارف سے اجازت لی جاتی ہے۔ صرف وہی معلومات مرچنٹ کے ساتھ شیئر کی جاتی ہیں جو خریداری مکمل کرنے کے لیے ضروری ہوتی ہیں۔ پیمنٹ کی معلومات جیسے کارڈ نمبر یا دیگر تفصیلات کو بھی محفوظ طریقے سے انکرپٹ کیا جاتا ہے تاکہ وہ غلط استعمال نہ ہو سکیں۔ اس طرح صارف کو مکمل تحفظ اور اعتماد ملتا ہے کہ اس کی معلومات محفوظ ہاتھوں میں ہیں۔
ایک اہم بات یہ ہے کہ چیٹ جی پی ٹی خریداری میں کسی خاص مرچنٹ یا پراڈکٹ کو ترجیح نہیں دیتا۔ یعنی اگر آپ کچھ تلاش کرتے ہیں تو آپ کو وہی چیزیں دکھائی جائیں گی جو آپ کی تلاش کے سب سے قریب ہوں، چاہے وہ کسی مشہور برانڈ کی ہوں یا چھوٹے مرچنٹ کی۔ اگر ایک ہی چیز کئی مرچنٹس بیچ رہے ہوں تو چیٹ جی پی ٹی اُن میں سے اُس مرچنٹ کو دکھائے گا جس کی قیمت بہتر ہو، پراڈکٹ جلد دستیاب ہو اور مجموعی معیار بہتر ہو۔ انسٹنٹ چیک آؤٹ ہونا یا نہ ہونا نتائج پر اثر نہیں ڈالتا۔
Stripe کمپنی کے صدر Will Gaybrick نے کہا کہ، “ہم ایسی معیشت بنا رہے ہیں جو اے آئی پر مبنی ہو۔ چیٹ جی پی ٹی کا انسٹنٹ چیک آؤٹ اس کی ایک بڑی مثال ہے۔” Etsy اور Shopify جیسے بڑے پارٹنرز بھی اس نئے سسٹم میں شامل ہو چکے ہیں اور اپنی مصنوعات چیٹ جی پی ٹی پر بیچنے کی سہولت سے فائدہ اٹھا رہے ہیں۔
آنے والے وقت میں کئی نئے فیچرز شامل ہوں گے جیسے آپ ایک ساتھ کئی چیزیں خرید سکیں گے (shopping cart)، دوسرے ممالک کے مرچنٹس بھی شامل کیے جائیں گے اور مرچنٹس اپنی مرضی کی دکانیں چیٹ میں ہی بنا سکیں گے۔ مرچنٹس اور ڈویلپرز کے لیے مکمل رہنمائی کی فائلز اوپن اے آئی نے پہلے ہی جاری کر دی ہیں تاکہ وہ اس سسٹم کا حصہ بن سکیں۔
آخر میں بات یہ ہے کہ چیٹ جی پی ٹی اب صرف بات چیت کا ذریعہ نہیں رہا بلکہ آپ کا ذاتی شاپر بھی بن گیا ہے۔ اب خریداری کے لیے الگ ویب سائٹ کھولنے، فارم بھرنے یا طویل مراحل سے گزرنے کی ضرورت نہیں۔ صرف چیٹ کریں، پراڈکٹ دیکھیں، Buy پر کلک کریں، اور خریداری مکمل کریں۔ یہی ہے اے آئی ٹیکنالوجی کا مستقبل آسان، محفوظ اور تیز۔