چیٹ جی پی ٹی اے آئی ایجنٹ نیا طاقتور ٹول
اے آئی کی دنیا میں ہر روز نئی پیش رفت ہو رہی ہے۔ اسی طرح چیٹ جی پی ٹی نے اپنے صارفین کے لیے ایک نیا اور نہایت طاقتور ٹول متعارف کرایا ہے۔ جسے اے آئی ایجنٹ کا نام دیا گیا ہے۔ یہ نیا ایجنٹ روایتی چیٹ بوٹس سے بالکل مختلف ہے۔ کیونکہ یہ صرف سوالوں کے جواب دینے تک محدود نہیں بلکہ خود سے مختلف کام بھی سر انجام دے سکتا ہے۔ اردو اے آئی کی اس ویڈیو میں، قیصر رضا ہمیں اس کی تفصیلات بتا رہے ہیں اور سمجھا رہے ہیں کہ یہ ایجنٹ کیسے کام کرتا ہے۔ کن لوگوں کے لیے مفید ہے، اور ہم اس سے کیسے بہترین فائدہ اٹھا سکتے ہیں۔
ایجنٹ کیا ہے اور یہ کیسے کام کرتا ہے؟
قیصرکے مطابق، ایجنٹ بنیادی طور پر ایک ایسا ماڈل ہے۔ جسے خاص طور پر ایک مائنڈ سیٹ کے ساتھ ڈیزائن کیا گیا ہے۔ جہاں وہ خود بخود فیصلے کر کے آپ کے دیے گئے کام کو مکمل کرتا ہے۔ یہ ایک طرح کا ورچوئل اسسٹنٹ ہے جو آپ کے لیے انٹرنیٹ پر معلومات تلاش کر سکتا ہے، فائلوں کو پڑھ اور لکھ سکتا ہے۔ اور مختلف ایپس کے ساتھ انٹیگریٹ ہو کر کام کر سکتا ہے۔ اس وقت چیٹ جی پی ٹی کے علاوہ پرپلیکسیٹی جیسے دیگر پلیٹ فارمز بھی ایسے ٹولز پیش کر رہے ہیں۔ مگر چیٹ جی پی ٹی کا ایجنٹ زیادہ ایڈوانس اور آپ کے چیٹ جی پی ٹی انٹرفیس کے اندر ہی دستیاب ہے۔ اس ٹول کو استعمال کرنے کے لیے آپ کے پاس چیٹ جی پی ٹی پلس کی سبسکرپشن ہونی چاہیے۔ جس کی ماہانہ فیس 20 ڈالر ہے۔
روزمرہ کے کاموں میں ایجنٹ کی اہمیت
قیصر اپنی ایک ذاتی مثال دیتے ہوئے بتاتے ہیں کہ کس طرح ان کی نان پرافٹ آرگنائزیشن کو فنڈنگ کے لیے تجاویز تیار کرنے اور فنڈنگ ڈھونڈنے میں بہت وقت لگتا تھا۔ وہ کہتے ہیں کہ یہ کام جو عام طور پر ایک جونیئر ملازم یا انٹرن کو ہفتوں لگ جاتے تھے۔ اب یہ ایجنٹ منٹوں میں کر سکتا ہے۔
اس کی ایک مثال یہ ہے کہ آپ اسے یہ کام دے سکتے ہیں: ‘انٹرنیٹ پر دنیا بھر میں موسمیاتی تبدیلی (climate change) پر کام کرنے والی چھوٹی اور نوجوانوں کی قیادت میں چلنے والی تنظیمیں تلاش کرو۔ ان کے انوویٹو پراجیکٹس کی تفصیلات ڈھونڈو اور ہمارے کام کے ساتھ اس کا تعلق بنا کر ایک تفصیلی رپورٹ تیار کرو۔’
قیصرکے مطابق، یہ ٹاسک دینے کے بعد وہ کمپیوٹر بند بھی کر دیں تو یہ ایجنٹ کلاؤڈ پر اپنا کام جاری رکھے گا اور کچھ ہی دیر میں 15-20 صفحات کی مکمل رپورٹ تیار کر کے دے دے گا۔
بزنس اور فری لانسنگ میں ایجنٹ کا استعمال
یہ ایجنٹ نہ صرف ذاتی استعمال کے لیے بلکہ کاروباری اور فری لانسنگ کے لیے بھی ایک بہترین ٹول ثابت ہو سکتا ہے۔ مثال کے طور پر:
-
مسابقتی تجزیہ (Competitor Analysis):
اگر آپ کی ڈیجیٹل مارکیٹنگ یا ایس ای او کی کمپنی ہے، تو آپ اسے اپنے حریفوں کی ویب سائٹس، سوشل میڈیا، اور ویڈیوز کا تجزیہ کرنے کا کام دے سکتے ہیں تاکہ آپ ان سے کچھ نیا سیکھ سکیں اور اپنی سروسز کو بہتر بنا سکیں۔
-
لیڈ جنریشن (Lead Generation):
ایک فری لانسر اس ایجنٹ سے کہہ سکتا ہے کہ وہ ایک مخصوص ملک میں ایسے کاروباروں کو تلاش کرے جنہیں ایس ای او سروسز کی ضرورت ہے۔ یہ ایجنٹ ان کی فہرست، ای میل ایڈریسز اور ان کی ویب سائٹس کی خامیاں تلاش کر کے ای میل بھی ڈرافٹ کر کے دے سکتا ہے، جس سے وقت اور محنت کی بہت بچت ہوتی ہے۔
قیصر کہتے ہیں کہ یہ ایجنٹ گوگل ڈرائیو، کینوا، ڈراپ باکس اور دیگر کئی ایپلی کیشنز کے ساتھ جڑ کر فائلوں کو پڑھ اور بنا سکتا ہے۔ یہاں تک کہ ای میلز بھی بھیج سکتا ہے۔
ایجنٹ کا ڈیمو اور اس کی ممکنہ حدود
اس ویڈیو میں قیصر نے ایک لائیو ڈیمو بھی دکھایا جس میں انہوں نے ایجنٹ کو یہ ٹاسک دیا کہ وہ پاکستان کی ان تمام جامعات کو تلاش کرے جہاں اے آئی کی ڈگری کروائی جاتی ہے۔ اس نے یونیورسٹیوں کے نام، پروگرام کی تفصیلات، فیکلٹی ممبرز کے نام، ان کے ای میل ایڈریسز اور یہاں تک کہ ایک تعارفی ای میل بھی تیار کر دی۔ یہ کام محض 22 منٹ میں مکمل ہو گیا۔
قیصراس بات پر بھی زور دیتے ہیں کہ اگرچہ یہ ٹول بہت مفید ہے۔ لیکن اس کے استعمال میں احتیاط بھی ضروری ہے۔ یہ ابھی ابتدائی مرحلے میں ہے اور اس میں کچھ ممکنہ خطرات جیسے ڈیٹا کے غلط استعمال یا فشنگ کی ویب سائٹس پر جانے کا خطرہ ہو سکتا ہے۔ لہٰذا، اسے بہت زیادہ حساس معلومات یا مالیاتی لین دین کے لیے استعمال کرنے سے گریز کرنا چاہیے۔
قیصر کے مطابق، اس نئی ٹیکنالوجی کے ذریعے اب کامیابی کا انحصار اس بات پر نہیں رہا کہ آپ کتنے ماہر ہیں بلکہ اس پر ہے کہ آپ کتنے تخلیقی ہیں اور کس طرح چیزوں کو جوڑ کر اپنے لیے مواقع پیدا کر سکتے ہیں۔ اب یہ ایجنٹ روزگار کے نئے دروازے کھول رہا ہے۔