گوگل وی ای او 3 کیا ہے اردو میں مکمل وضاحت اور ڈیموز کے ساتھ
گوگل کی جانب سے جاری کردہ نیا ویڈیو جنریشن ماڈل وی ای او 3 آرٹیفیشل انٹیلیجنس کی دنیا میں ایک نیا باب کھول رہا ہے۔ یہ ماڈل صرف تحریری ہدایات کی بنیاد پر مکمل ویڈیو تیار کر سکتا ہے۔ اردو اے آئی کے بانی قیصر رونجھا نے اپنے ویڈیو میں وی ای او 3 کے ہر پہلو کو پرکھتے ہوئے بتایا کہ یہ ماڈل کتنا طاقتور ہے، کن کے لیے ہے۔ اور کیا یہ عام صارف کے لیے کارآمد ہو سکتا ہے؟
وی ای او 3 کیسے کام کرتا ہے؟
وی ای او 3 گوگل کا اسٹیٹ آف دی آرٹ ماڈل ہے۔ جو آپ کے دیے گئے ٹیکسٹ (پرامپٹ) کی بنیاد پر رئیلسٹک ویڈیوز تخلیق کرتا ہے۔ قیصر رونجھا نے تجربہ کیا کہ صرف ایک سطر پاکستانی فیملی ویلاگر گوئنگ ٹو ویڈنگ ٹرپ۔ لکھنے سے گوگل نے مکمل ویڈیو تیار کر دی۔ اس ویڈیو میں کرداروں کی حرکات، لِپسنگ، اور مکالمے سب کچھ شامل تھا۔
مختلف زبانوں کی سپورٹ
قیصر رونجھا نے مزید بتایا کہ یہ ماڈل مختلف زبانوں جیسے اردو، سندھی، بلوچی، پشتو، سرائیکی اور انگریزی کو بھی سمجھتا ہے کیونکہ یہ ماڈل یوٹیوب کے ڈیٹا پر تربیت یافتہ ہے۔ یہی وجہ ہے کہ ویڈیوز میں زبانوں کی تبدیلی فطری لگتی ہے۔
فیچرز اور قیمت
وی ای او 3 تک رسائی حاصل کرنے کے لیے دو پیکجز موجود ہیں:
- بیسک پلان ($20): جس میں وی او 2 شامل ہے۔
- الٹرا پرو پلان ($124): جس میں وی او 3 اور تمام پریمیئم فیچرز شامل ہیں۔
ہر ویڈیو کے لیے تقریباً 100 کریڈٹس درکار ہوتے ہیں۔ اور نئے صارف کو 12,000 کریڈٹس دیے جاتے ہیں۔
گوگل فلو: مکمل کنٹرول کے لیے
گوگل کا دوسرا ٹول “فلو”، صارف کو زیادہ کنٹرول فراہم کرتا ہے۔ یہاں آپ فریم ٹو ویڈیو، ٹیکسٹ ٹو ویڈیو، اور امیج جنریشن جیسے فیچرز سے فائدہ اٹھا سکتے ہیں۔ قیصر رونجھا نے بتایا کہ فلو میں ویڈیوز بنانے کے دوران وہ مکمل فریم کنٹرول کر سکے، البتہ آڈیو بعض ویڈیوز میں شامل نہیں ہوئی۔
خامیاں اور چیلنجز
قیصر رونجھا نے تسلیم کیا کہ ماڈل بعض اوقات:
- آواز شامل نہیں کرتا
- مکالمے غلط کردار کو دیتا ہے
- یا ویڈیو رینڈم سینز شامل کر دیتا ہے
تاہم، کچھ ویڈیوز حیرت انگیز حد تک حقیقت کے قریب تھیں، خاص طور پر جب وہ ڈاکومنٹری اسٹائل میں تیار کی گئیں۔
مستقبل کی جھلک
قیصر رونجھا کے مطابق یہ ماڈل ابھی “پکا” نہیں ہے، لیکن مستقبل میں اس کی صلاحیت بے مثال ہو سکتی ہے۔ اگرچہ وی ای او 3 عام صارف کے لیے مہنگا ہے، تاہم وی ای او 2 جیسے فری ٹولز سے آغاز کیا جا سکتا ہے۔
مثبت و منفی استعمال
ویڈیو کے اختتام پرقیصر رونجھا نے خبردار کیا کہ اس ٹیکنالوجی کا مثبت استعمال ضروری ہے۔ جہاں کچھ لوگ فہاشی اور گمراہی کے لیے استعمال کر سکتے ہیں، وہیں یہ ٹیکنالوجی تعلیمی، تخلیقی اور اصلاحی مقاصد کے لیے بھی استعمال کی جا سکتی ہے۔ وی ای او 3 فلم میکنگ کے لیے ایک نیا سنگ میل ہے، لیکن یہ ابھی تجرباتی مرحلے میں ہے۔ عام صارفین کے لیے بہتر ہے کہ وہ مفت ٹولز سے آغاز کریں، سیکھیں، اور خود کو اس بدلتی دنیا کے لیے تیار کریں۔