
اردو اےآئی ماسٹر کلاس 9 اپنی ویب سائٹ بنائیں
السلام علیکم دوستو! میں ہوں قیصر رونجھا، اور آج آپ کے ساتھ ماسٹر کلاس سیریز کی نویں کلاس میں موجود ہوں۔ سب سے پہلے تو میں دل کی گہرائی سے آپ سب کا شکریہ ادا کرنا چاہتا ہوں۔ کہ آپ پچھلی آٹھ کلاسوں سے مسلسل میرے ساتھ رہے، سیکھتے رہے۔ اور مجھے باخبر کرتے رہے۔ فیس بک گروپ، یوٹیوب کمنٹس، ویب سائٹ فیڈبیک سب کچھ پڑھا۔ اور سچ کہوں تو مجھے اندازہ نہیں تھا کہ آپ سب اس سفر میں اس قدر محنت، لگن اور محبت سے شامل ہوں گے۔
آج کے دور میں جہاں انٹرنیٹ پر زیادہ تر ویڈیوز کا مرکز ہوتا ہے کہ “ایک رات میں لاکھوں کمائیں” یا “یہ شخص کیسے امیر ہوا” وہاں ہم نے کچھ مختلف کرنے کی کوشش کی۔ ہم نے کبھی بھی شارٹ کٹس یا جھوٹے خواب نہیں بیچے۔ ہم نے صرف ایک بات پر توجہ دی: آپ کو ایک ہنر سکھانا، جو آپ کے مستقبل کو سنوار سکے۔
اگر آپ اب تک میرے ساتھ ہیں۔ تو مجھے یقین ہے کہ آپ نے سیکھا ہے کہ مصنوعی ذہانت صرف ایک ٹیکنالوجی نہیں۔ بلکہ سوچنے کا نیا انداز ہے۔ آپ نے سیکھا کہ مواد کیسے تیار کیا جاتا ہے۔ تصویریں کیسے بنتی ہیں، ویڈیوز کیسے تیار کی جاتی ہیں۔ اور اےآئی کے ٹولز کو کیسے بہتر انداز میں استعمال کیا جاتا ہے۔ سب سے بڑھ کر، آپ نے سیکھا کہ اس علم کو اپنی زندگی اور معاشرے میں کیسے لاگو کرنا ہے۔
تو آئیے، اس کلاس میں ایک اور نیا قدم اٹھاتے ہیں۔ اپنی ویب سائٹ بنانے کا۔ اور وہ بھی اےآئی کے ذریعے، بغیر کسی کوڈنگ یا مہنگی مہارت کے۔ بس جذبہ، تخلیق، اور تھوڑا سا وقت۔
آج کا موضوع: ویب سائٹ بنانا
ہماری ماسٹر کلاس سیریز کی یہ نویں اور تکنیکی طور پر آخری کلاس ہے۔ اور یہ کسی بھی عام کلاس سے بالکل مختلف ہے۔ کیونکہ اس بار ہم صرف کوئی ٹول سیکھنے نہیں جا رہے، بلکہ ہم بات کریں گے آپ کی آن لائن شناخت کی ایک ایسی شناخت جو صرف سوشل میڈیا پروفائل تک محدود نہ ہو، بلکہ ایک مکمل، پروفیشنل اور پائیدار موجودگی ہو۔
آج کے ڈیجیٹل دور میں جہاں ہر شخص سوشل میڈیا پر موجود ہے، وہاں ایک الگ اور مضبوط پہچان بنانے کے لیے ضروری ہے کہ آپ کی اپنی ایک ذاتی ویب سائٹ ہو۔ ایسی ویب سائٹ جہاں آپ کے خیالات، آپ کا کام، آپ کے ویڈیوز، آپ کے بلاگز سب کچھ ایک جگہ جمع ہو۔ یہ صرف ایک ویب سائٹ نہیں بلکہ آپ کا ڈیجیٹل گھر ہے، جہاں دنیا آپ سے جڑ سکتی ہے، آپ کا کام دیکھ سکتی ہے، اور آپ پر اعتماد کر سکتی ہے۔
یہی وہ چیز ہے جو آپ کو دوسروں سے ممتاز بناتی ہے۔ اور اچھی خبر یہ ہے کہ آپ یہ سب کچھ بغیر کسی پیچیدہ کوڈنگ یا مہنگے ویب ڈیزائنر کے، خود اے آئی کی مدد سے کر سکتے ہیں۔ تو آئیے، سیکھتے ہیں کہ اپنی آن لائن دنیا میں پہلا قدم کیسے رکھا جائے!
ویب سائٹ بنانا بچوں کا کھیل Gamma Ai
اب ہم جس ٹول کی بات کر رہے ہیں، وہ ہے Gamma Ai ایک جدید اور آسان اےآئی ٹول جو ویب سائٹ بنانا اتنا آسان بنا دیتا ہے جیسے آپ پریزنٹیشن بنا رہے ہوں۔ آپ کو نہ کوڈنگ سیکھنے کی ضرورت ہے، نہ ڈیزائننگ کی۔ صرف چند کلکس، اور آپ کی ویب سائٹ تیار!
Gamma کی سب سے بڑی خوبی یہ ہے کہ یہ خودکار انداز میں آپ کی ویب سائٹ کا ڈھانچہ تیار کرتا ہے۔ مثال کے طور پر، اگر آپ ایک تعلیمی ویب سائٹ بنانا چاہتے ہیں جس میں ہوم پیج، ویڈیوز، بلاگز، اور تعارف ہوتو Gamma خود ہی ان تمام سیکشنز کو ترتیب دے گا۔ آپ زبان کا انتخاب کریں، تھیم چنیں، اور کچھ مختصر ہدایات دیں، باقی سارا کام یہ ٹول خود کرے گا۔
اور جی ہاں، یہ سب کچھ اردو میں بھی ممکن ہے! یعنی اب زبان کی رکاوٹ بھی ختم۔ چاہے آپ طلبہ ہیں، استاد ہیں، یا کسی شعبے کے ماہرآپ اپنا مواد، ویڈیوز اور خیالات ایک خوبصورت ویب سائٹ پر جمع کر سکتے ہیں، بغیر کسی پیشہ ور ڈویلپر کے۔
یہ ٹول ان لوگوں کے لیے بہترین ہے جو بس اپنا کام دنیا کو دکھانا چاہتے ہیں، بغیر کسی تکنیکی پیچیدگی کے۔ تو چلیے، اب وقت ہے کہ ہم Gamma کو کھولیں اور اپنی پہلی ویب سائٹ خود بنائیں!
لکھنے والوں کے لیے گوگل کا قابلِ اعتماد پلیٹ فارم Blogger.com
اب آتے ہیں دوسرے ٹول کی طرف، جو ہے Blogger.com ایک مشہور اور پُراعتماد بلاگنگ پلیٹ فارم جو گوگل کی ملکیت ہے۔ اگر آپ لکھنے کا شوق رکھتے ہیں، خیالات کو تحریر میں ڈھالنا چاہتے ہیں، یا اپنی مہارت دنیا سے بانٹنا چاہتے ہیں تو یہ ٹول آپ کے لیے بہترین ہے۔
Blogger پر آپ ایک مکمل بلاگ سائٹ بنا سکتے ہیں۔ جہاں آپ مختلف صفحات مثلاً “About Me”، “میری ویڈیوز”، “میری تصاویر”، اور بلاگ پوسٹس شامل کر سکتے ہیں۔ یہ سارا عمل نہایت سادہ ہے۔ اور آپ آسانی سے اپنی مرضی کے ٹیمپلیٹس، لے آؤٹ، اور تھیمز منتخب کر سکتے ہیں۔
خاص بات یہ ہے کہ اگر آپ معیاری اور مسلسل مواد پوسٹ کرتے رہیں تو گوگل آپ کو AdSense کے ذریعے مونیٹائز کرنے کا موقع بھی دیتا ہے یعنی آپ کی ویب سائٹ پر اشتہارات آ سکتے ہیں اور آپ آمدن حاصل کر سکتے ہیں۔
یہ پلیٹ فارم ان لوگوں کے لیے زبردست ہے جو سنجیدگی سے بلاگنگ کو اپنانا چاہتے ہیں۔ اور لمبے عرصے تک اپنا مواد آن لائن رکھنا چاہتے ہیں۔ اور اگر آپ کو مواد لکھنے میں مشکل ہو، تو اےآئی ٹولز جیسے چیٹ جی پی ٹی آپ کی مدد کے لیے موجود ہیں۔ بس موضوع بتائیں، اور بہترین انداز میں تحریر تیار ہو جائے گی۔
تو اگر آپ چاہتے ہیں کہ آپ کی آواز صرف سوشل میڈیا تک محدود نہ رہے بلکہ گوگل پر بھی نمایاں ہو تو Blogger.com سے بہتر آغاز کوئی نہیں!
آپ کا اگلا قدم کیا ہونا چاہیے؟
تو دوستو! اب وقت ہے کہ آپ بھی میدان میں اتریں۔ جو کچھ آپ نے سیکھا ہے۔ اب اسے عملی شکل دینے کا لمحہ ہے۔ چاہے آپ نے Gamma استعمال کرنا ہو یا Blogger، بس شروعات کریں۔ اپنی ویب سائٹ بنائیں، اپنی معلومات، تصاویر، ویڈیوز، بلاگز اپلوڈ کریں۔ اور سب سے اہم اپنی شناخت کو ایک نئے انداز میں دنیا کے سامنے لائیں۔
اور جب آپ کی ویب سائٹ تیار ہو جائے تو اس کا لنک ضرور شیئر کریں چاہے وہ یوٹیوب کمنٹس میں ہو یا ہمارے فیس بک گروپ میں۔ ہم سب مل کر سیکھیں گے۔ایک دوسرے کی حوصلہ افزائی کریں گے۔ اور ساتھ بڑھیں گے۔ یاد رکھیں: یہ صرف ایک مشق نہیں، یہ آپ کے ڈیجیٹل سفر کا آغاز ہے۔
اگلی اور آخری کلاس میں، ہم بات کریں گے کوئز، پروجیکٹ اور سرٹیفیکیٹ کی۔ تب تک اپنا خیال رکھیں، سیکھتے رہیں، اور ڈیجیٹل دنیا میں اپنا مقام بنائیں۔
اللہ حافظ!
Muhammad Azmat Ali
I like it!