چیٹ جی پی ٹی ایٹلس: ایک نیا براؤزر جو سوچتا ہے، سمجھتا ہے اور کام کرتا ہے
جب آپ روزانہ انٹرنیٹ پر بے شمار ٹیبز، لنکس، اور ویب سائٹس کے درمیان الجھتے ہیں تو ایک سادہ سا سوال پیدا ہوتا ہے کیا کوئی ایسا براؤزر ہو سکتا ہے جو نہ صرف ویب کھولے بلکہ کام بھی مکمل کرے؟ اسی سوال کا جواب ہے: چیٹ جی پی ٹی ایٹلس گوگل کروم یا فائر فاکس کی طرز پر بنایا گیا یہ نیا براؤزر، درحقیقت ایک مکمل اے آئی اسسٹنٹ ہے جو اب ہر صفحے پر آپ کے ساتھ ہوتا ہے، آپ کو سمجھتا ہے، اور آپ کی مدد کرتا ہے بغیر کسی اضافی کلک، کاپی پیسٹ یا الجھن کے۔
ایٹلس کو چیٹ جی پی ٹی کے مرکزی نظام کے ساتھ تیار کیا گیا ہے۔ اس کا مطلب یہ ہے کہ اب آپ کے نوٹس، تلاش، کام اور ویب سائٹس ایک جگہ آ گئے ہیں۔ آپ کوئی ویب پیج کھولیں، چیٹ جی پی ٹی اسی صفحے کو دیکھ کر آپ کو فوری مدد فراہم کرے گا۔ چاہے آپ لیکچر سن رہے ہوں، نوٹس لے رہے ہوں یا کسی تحقیق میں مصروف ہوں، ایٹلس سمجھتا ہے کہ آپ کیا کرنا چاہتے ہیں اور آپ کے مقصد کو پورا کرنے میں مدد کرتا ہے۔ اگر آپ جاننا چاہتے ہیں کہ لوگ چیٹ جی پی ٹی کو کس طرح استعمال کرتے ہیں تو یہ مضمون ” کیا آپ جانتے ہیں لوگ چیٹ جی پی ٹی کا استعمال کیسے کرتے ہیں؟ ” ضرور دیکھیں۔
ایٹلس میں شامل سب سے اہم فیچر ہے اس کی براؤزر میموری۔ یہ میموری آپ کے براؤزنگ تجربے سے سیکھتی ہے۔ اور جب ضرورت ہو تو پچھلی ویب سائٹس، دیکھی گئی معلومات، یا آپ کی ترجیحات کو یاد رکھتی ہے۔ جیسے اگر آپ کہیں: “پچھلے ہفتے جن نوکریوں کو دیکھا تھا، ان کا خلاصہ اور انڈسٹری رجحانات بتائیں” تو ایٹلس فوری طور پر اس مواد کو نکال کر آپ کو جواب دے سکتا ہے۔ یہ فیچر مکمل طور پر آپ کے کنٹرول میں ہے۔ آپ چاہیں تو مخصوص میموری ڈیلیٹ کریں، سب کچھ صاف کر دیں یا پرائیویٹ موڈ (انکگنیٹو) میں براؤز کریں جہاں کوئی ڈیٹا محفوظ نہیں ہوتا۔ اگر آپ جاننا چاہتے ہینں کے کہ کیسے ایک براؤزر روزمرہ کے کام آسان بناتا ہے، تو اس مضمون “comet agent browser کیسے آپ کے روزمرہ کاموں کو آسان بناتا ہے؟ ” ضرور دیکھیں۔
ایٹلس کا ایک اور طاقتور فیچر ہے ایجنٹ موڈ، یہ ایک ایسا موڈ ہے جس میں چیٹ جی پی ٹی صرف آپ کو مشورے نہیں دیتا بلکہ عملی طور پر آپ کا کام انجام دیتا ہے۔ مثلاً آپ کہیں: “اس ترکیب کے اجزاء ایک قریبی اسٹور سے آرڈر کرو” تو یہ نہ صرف اسٹور تلاش کرے گا۔ بلکہ آئٹمز کو کارٹ میں ڈالے گا اور آرڈر مکمل کرے گا۔ دفتر میں، یہ آپ کے پرانے ٹیم ڈاکیومنٹس پڑھ سکتا ہے۔ نئے ڈیٹا پر تحقیق کر سکتا ہے اور مکمل رپورٹ بنا کر دے سکتا ہے۔
سیکیورٹی اور کنٹرول کے معاملے میں ایٹلس مکمل شفافیت فراہم کرتا ہے۔ یہ نہ تو خود سے کوئی کوڈ چلاتا ہے، نہ فائل ڈاؤن لوڈ کرتا ہے اور نہ ہی آپ کے سسٹم کی ایپس تک رسائی حاصل کرتا ہے۔ اگر کوئی حساس سائٹ جیسے بینک یا ای میل کھلی ہو، تو یہ خود رک جاتا ہے اور آپ کی اجازت کے بغیر کوئی قدم نہیں اٹھاتا۔ اگر آپ کو آن لائن پرائیویسی سے متعلق مسائل کا سامنا ہے تو یہ تحریر ضرور پڑھیں۔
ایٹلس ابھی فی الحال میک آپریٹنگ سسٹم پر دستیاب ہے اور اسے مفت، پلس، پرو اور بزنس صارفین کے لیے جاری کیا گیا ہے۔ جلد ہی یہ ونڈوز، اینڈرائیڈ اور آئی او ایس پر بھی متعارف کروایا جائے گا۔ جو تعلیمی ادارے اور انٹرپرائز صارفین پلان ایڈمن کی اجازت سے یہ فیچر فعال کریں گے، وہ بھی بیٹا ورژن سے فائدہ اٹھا سکیں گے۔
ایٹلس ایک عام براؤزر نہیں بلکہ ایک انقلابی قدم ہے جو ویب براؤزنگ کو صرف دیکھنے یا تلاش کرنے کا ذریعہ نہیں رہنے دیتا بلکہ اسے ایک مکمل، سمارٹ، اور ذاتی اسسٹنٹ میں بدل دیتا ہے۔ اب آپ کو ٹیبز کے درمیان بھاگنے، مواد کاپی پیسٹ کرنے یا یادداشت کے سہارے کام کرنے کی ضرورت نہیں۔ ایٹلس ہر لمحہ آپ کے ساتھ ہے سمجھنے، یاد رکھنے اور مکمل کرنے کے لیے۔ یہ صرف آغاز ہے۔ آنے والے دنوں میں مزید فیچرز، ڈیولپر ٹولز اور ایپ انضمام کی سہولتیں متعارف کروائی جائیں گی تاکہ چیٹ جی پی ٹی ایٹلس ہر صارف کے لیے ایک مکمل حل بن جائے۔

No Comments