
ڈیپ سیک نے اے آئی کی دنیا بدل دی
السلام علیکم دوستوں! مصنوعی ذہانت (AI) نے پچھلے ایک ہفتے میں کافی غیر معمولی تبدیلیاں دکھائی ہیں۔ جی ہاں! چینی کمپنی ڈیپ سیک نے اپنا نیا ماڈل R1 لانچ کیا ہے۔ جس نے نہ صرف امریکی اے آئی کمپنیوں کو ہلا کر رکھ دیا ہے۔ بلکہ اسٹاک ایکسچینج پر بھی زبردست اثرات ڈالے ہیں۔
اس بلاگ میں ہم یہ جاننے کی کوشش کریں گے۔ کہ وہ کیا عوامل ہیں جو ڈیپ سیک کو منفرد بناتے ہیں۔ اور جن کی وجہ سے اس کے اثرات امریکی اسٹاک ایکسچینج پر بھی مرتب ہوئے ہیں۔
میرا نام قیصر رونجہ ہے اور میں اردو اے آئی کی طرف سے آسان الفاظ میں عام لوگوں کو مصنوعی ذہانت، جنریٹیو اے آئی اور جدید ٹیکنالوجیز کو سمجھانے کی کوشش کرتا ہوں۔
ڈیپ سیک: ایک منفرد چینی اے آئی کمپنی
ڈیپ سیک ایک چینی کمپنی ہے جس کا چیٹ بوٹ بھی ڈیپ سیک کہلاتا ہے۔ اگر آپ نے پہلے OpenAI کا نام سنا ہوگا۔ جو ایک امریکی کمپنی ہے اور جس کا چیٹ بوٹ ChatGPT ہے۔ تو آپ کو یہ سمجھنے میں آسانی ہوگی کہ ڈیپ سیک بھی اسی میدان میں ایک بڑا قدم ہے۔
ڈیپ سیک کی سب سے منفرد بات یہ ہے کہ اسے کم وقت اور کم لاگت میں بنایا گیا ہے۔ کچھ سوشل میڈیا صارفین کا خیال ہے کہ ڈیپ سیک کے انجینئرز نے اسے بطور سائیڈ پروجیکٹ بنایا تھا، جس کا مطلب ہے کہ یہ کمپنی اس سے بھی بڑے پروڈکٹس پر کام کر رہی ہے۔
ڈیپ سیک R1 ماڈل کی حیران کن خصوصیات
ڈیپ سیک R1 ماڈل کی سب سے بڑی خاصیت یہ ہے کہ یہ ChatGPT یا OpenAI کے ماڈلز کے مقابلے میں کہیں زیادہ تیز اور مؤثر ہے۔ حیرت انگیز بات یہ ہے کہ اس ماڈل کو بنانے میں صرف 6 ملین امریکی ڈالر خرچ ہوئے، جبکہ OpenAI جیسے ماڈلز کے لیے یہ لاگت 20 سے 50 گنا زیادہ ہوتی ہے!
یہی وجہ ہے کہ لوگوں کے ذہن میں یہ سوال پیدا ہوا کہ DeepSeek کے آنے سے دوسری AI کمپنیوں، خاص طور پر NVIDIA پر کیوں اثرات پڑے؟
اینویڈیا کے شیئرز پر گہرا اثر
اینویڈیا وہ کمپنی ہے جو AI ماڈلز کو چلانے کے لیے جی پی یوز (GPUs) فراہم کرتی ہے۔ اور جتنا زیادہ GPU استعمال ہوگا، اتنا ہی بہتر AI ماڈل کام کرے گا۔ لیکن DeepSeek نے کوڈنگ اور الگورتھمز کو اس قدر مضبوط بنایا کہ وہ GPU پر کم انحصار کرتا ہے۔
نتیجہ یہ نکلا کہ NVIDIA کے شیئرز میں 18 فیصد کمی آئی اور ایک ہی دن میں اس کی مارکیٹ ویلیو 6 بلین ڈالر گھٹ گئی۔
سرمایہ کاروں کو یہ احساس ہوا کہ جب ایک چینی کمپنی صرف 6 ملین ڈالر میں اسی معیار کا سافٹ ویئر یا پلیٹ فارم تیار کر سکتی ہے تو NVIDIA پر زیادہ خرچ کرنے کی ضرورت کیوں رہے گی؟
Sam Altman اور OpenAI کا ردعمل
OpenAI کے CEO Sam Altman نے کئی دنوں کے بعد DeepSeek کے بارے میں ایک ٹویٹ کیا اور کہا کہ وہ اس ماڈل کو دیکھ کر متاثر ہوئے ہیں۔ انہوں نے یہ بھی اشارہ دیا کہ مستقبل میں مقابلہ سخت ہوگا اور OpenAI کو بھی اپنے پروڈکٹس کی لانچنگ میں تیزی دکھانی پڑے گی۔
اب تک OpenAI AI کے میدان میں بلا شرکت غیرے بادشاہت کر رہی تھی۔ لیکن DeepSeek نے میدان میں آکر ایک نئی دوڑ شروع کر دی ہے۔ اگر DeepSeek جلد ہی اپنا وائس یا ویژن ماڈل لانچ کر دیتا ہے تو یہ OpenAI کے لیے بہت بڑا چیلنج ہوگا۔
امریکی حکومت کی پریشانی
امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے حالیہ دنوں میں امریکی AI کمپنیوں کے لیے ایک بڑی سرمایہ کاری کا وعدہ کیا ہے۔ انہوں نے اپنے ٹویٹ میں کہا کہ یہ امریکی AI کمپنیوں کے لیے جاگنے کا وقت ہے۔
یہ ظاہر کرتا ہے کہ امریکی حکومت اور ٹیکنالوجی کی بڑی کمپنیوں کو DeepSeek کی پیش رفت سے خطرہ محسوس ہو رہا ہے، اور انہیں اپنے AI ماڈلز میں زیادہ جدت اور سرمایہ کاری کی ضرورت پڑے گی۔
ڈیپ سیک کی انفرادیت کیا ہے؟
یہ سوال بہت اہم ہے کہ DeepSeek کو دیگر AI ماڈلز سے منفرد کیا بناتا ہے؟
- یہ ChatGPT یا Claude سے بہتر نہیں، لیکن زیادہ شفاف ہے
- DeepSeek نے اپنا پروسیسنگ سسٹم اوپن سورس کر دیا ہے، جس کی وجہ سے عوام کو اس کے کام کرنے کا طریقہ سمجھنے میں آسانی ہوتی ہے۔
- AI کی سوچ کو شفاف بنانا
- DeepSeek جب کسی چیز پر غور کرتا ہے، تو وہ بتاتا ہے کہ وہ کیا سوچ رہا ہے۔ اس سے پہلے ChatGPT یا Claude کے ریزننگ ماڈلز یہ صلاحیت نہیں رکھتے تھے۔ اور اپنی پروسیسنگ کو نجی رکھتے تھے۔
- AI کا سوچنے کا طریقہ عام صارفین کے لیے واضح کرنا
- اگر آپ DeepSeek کے ریزننگ فیچر کو استعمال کریں تو آپ دیکھ سکتے ہیں۔ کہ AI کس طرح سوچ رہا ہے اور کسی نتیجے پر کیسے پہنچ رہا ہے۔
اے آئی کی دنیا میں ایک بڑا انقلاب!
ڈیپ سیک نے اے آئی کی دنیا میں ایک نیا باب کھول دیا ہے۔ کم لاگت، زیادہ مؤثر الگورتھمز، اور GPU پر کم انحصار AI انڈسٹری کو ایک نئے موڑ پر لے جا رہا ہے۔
NVIDIA جیسے بڑے ادارے، OpenAI اور دیگر امریکی کمپنیوں کو اب زیادہ چوکنا رہنا ہوگا۔ کیونکہ AI کی جنگ میں DeepSeek نے ایک مضبوط قدم جما دیا ہے۔
کیا یہ چینی AI کمپنی واقعی AI کی دنیا میں انقلاب لا سکتی ہے؟ یا OpenAI اور دیگر امریکی کمپنیاں جلد ہی کوئی نیا دھماکہ کریں گی؟ یہ سب آنے والے دنوں میں واضح ہوگا!
آپ کی رائے کیا ہے؟ کیا DeepSeek واقعی OpenAI کو پیچھے چھوڑ سکتا ہے؟