کیا سورا واقعی ناکام ہو گیا؟ اوپن اے آئی نے ویڈیو اے آئی ٹول کیوں بند کیا؟
جب سورا پہلی بار متعارف ہوا تو لوگوں کو لگا کہ اب ویڈیوز بنانے کا طریقہ ہمیشہ کے لیے بدل جائے گا۔ پہلے ویڈیو بنانے کے لیے کیمرہ، ٹیم، لوکیشن اور ایڈیٹنگ کی ضرورت ہوتی تھی، لیکن اب صرف ایک جملہ لکھ کر ویڈیو بنائی جا سکتی تھی۔ مثال کے طور پر اگر کوئی لکھے کہ “برف میں چلتے جانور”، تو سسٹم فوراً ایسی ویڈیو بنا دیتا تھا جو دیکھنے میں بالکل حقیقی لگتی تھی۔ بی بی سی کی رپورٹ کے مطابق، اس ٹیکنالوجی نے دنیا بھر میں دلچسپی پیدا کی، لیکن کچھ ہی عرصے بعد اس کے مسائل بھی سامنے آنے لگے۔ یہ بات اکثر ہوتی ہے کہ نئی چیز شروع میں بہت متاثر کن لگتی ہے، لیکن جب اسے بڑے پیمانے پر استعمال کیا جاتا ہے تو اس کے چیلنجز ظاہر ہوتے تھے، تو آئیں ان مسئلے مسائل کوجانتے ہیں۔
سب سے پہلا مسئلہ پیسے کا تھا۔ کسی بھی کمپنی کے لیے ضروری ہوتا ہے کہ وہ اپنی سروس سے کمائی بھی کرے۔ سورا کو لوگ پسند تو کر رہے تھے، لیکن اس سے زیادہ آمدنی نہیں ہو رہی تھی۔ اس کے مقابلے میں کمپنی کا ایک اور ٹول چیٹ جی پی ٹی بہت زیادہ پیسے کما رہا تھا۔ اس لیے کمپنی نے فیصلہ کیا کہ وہ اپنی توجہ اس طرف دے جہاں زیادہ فائدہ ہو۔ بی بی سی کے مطابق سورا کی کمائی اس کے اخراجات کے مقابلے میں بہت کم تھی۔ اس کا مطلب یہ ہے کہ کمپنی اس پر مسلسل پیسہ لگا رہی تھی، لیکن بدلے میں فائدہ کم ہو رہا تھا۔ یہ کسی بھی کاروبار کے لیے ایک مشکل صورتحال ہوتی ہے۔
اس کے بعد ایک اور بڑا مسئلہ سامنے آیا، جو عام لوگوں کے لیے بھی سمجھنا ضروری ہے، اور وہ ہے جعلی ویڈیوز کا خطرہ۔ چونکہ سورا حقیقت جیسی ویڈیوز بنا سکتا تھا، اس لیے اس کا غلط استعمال بھی ممکن تھا۔ کوئی بھی شخص ایسی ویڈیو بنا سکتا تھا جو حقیقت میں ہوئی ہی نہ ہو، لیکن دیکھنے والے کو سچ لگے۔ مثال کے طور پر اگر کسی مشہور شخصیت کی جعلی ویڈیو بنائی جائے، تو لوگ اسے سچ بھی سمجھ سکتے ہیں۔ اس طرح غلط معلومات پھیلنے کا خطرہ بڑھ جاتا ہے۔ یہی وجہ ہے کہ ماہرین نے اس ٹیکنالوجی پر خدشات ظاہر کیے۔
تیسرا مسئلہ کاپی رائٹ کا تھا۔ جب صارفین فلموں کے کردار یا مشہور برانڈز کو ویڈیوز میں استعمال کرنے لگے تو قانونی پیچیدگیاں بڑھ گئیں۔ The Walt Disney Company جیسے بڑے ادارے اپنے مواد کے حوالے سے بہت حساس ہوتے ہیں۔ بی بی سی کے مطابق Disney اور اوپن اے آئی کے درمیان ایک بڑا معاہدہ ہوا تھا جس کے تحت صارفین مشہور کرداروں کو استعمال کر سکتے تھے۔ لیکن بعد میں یہ معاہدہ ختم کر دیا گیا، جس سے ظاہر ہوتا ہے کہ دونوں فریق اس ٹیکنالوجی کے حوالے سے مکمل طور پر مطمئن نہیں تھے۔
ایک اور اہم وجہ مقابلہ تھا۔ جب کوئی نئی ٹیکنالوجی آتی ہے تو شروع میں وہ منفرد ہوتی ہے، لیکن جلد ہی دوسری کمپنیاں بھی اسی طرح کے ٹولز بنا لیتی ہیں۔ سورا کے ساتھ بھی یہی ہوا۔ اب مارکیٹ میں کئی اور پلیٹ فارمز آ چکے ہیں جو ویڈیوز بنا سکتے ہیں، خاص طور پر چین کی کچھ کمپنیوں نے بھی اس میدان میں تیزی سے ترقی کی ہے۔
اس کا مطلب یہ ہوا کہ سورا کو نہ صرف اپنے مسائل کا سامنا تھا بلکہ اسے دوسرے مضبوط حریفوں سے بھی مقابلہ کرنا پڑ رہا تھا۔ اس کے ساتھ ساتھ اوپن اے آئی کی اپنی ترجیحات بھی بدل رہی تھیں۔ کمپنی نے واضح کیا ہے کہ وہ اب ایسے سسٹمز پر کام کرنا چاہتی ہے جو حقیقی دنیا میں کام آئیں، جیسے روبوٹس یا ایسے اے آئی سسٹمز جو خود سے کام مکمل کر سکیں۔ سادہ الفاظ میں، کمپنی اب صرف ویڈیوز بنانے تک محدود نہیں رہنا چاہتی بلکہ ایسے حل بنانا چاہتی ہے جو لوگوں کی روزمرہ زندگی میں مدد کریں۔ یعنی وہ چاہتی ہے کہ اے آئی صرف موبائل یا کمپیوٹر تک محدود نہ رہے بلکہ عملی دنیا میں بھی کام کرے۔
اگر ہم اس پوری کہانی کو سادہ انداز میں سمجھیں تو سورا بند ہونے کی بڑی وجوہات یہ ہیں کہ کم کمائی، زیادہ خرچ، جعلی ویڈیوز کا خطرہ، قانونی مسائل، سخت مقابلہ اور کمپنی کی بدلتی ترجیحات۔ یہ سب عوامل مل کر اس فیصلے کی بنیاد بنے۔ لیکن یہاں ایک اہم بات سمجھنا ضروری ہے کہ سورا بند ہونے کا مطلب یہ نہیں کہ ویڈیو بنانے والی اے آئی ختم ہو گئی ہے۔ بلکہ یہ ٹیکنالوجی اب بھی موجود ہے اور دیگر کمپنیاں اس پر کام کر رہی ہیں۔اوپن اے آئی بھی اپنی ٹیکنالوجی کو ضائع نہیں کرے گی بلکہ اسے نئے شعبوں میں استعمال کرے گی۔ مثال کے طور پر ایسے سسٹمز بنائے جائیں گے جو خود سے کام کر سکیں، یا ایسے روبوٹس جو انسانوں کی مدد کریں۔
یہ واقعہ ہمیں ایک اہم سبق بھی دیتا ہے۔ ہر نئی اور دلچسپ ٹیکنالوجی ضروری نہیں کہ کامیاب بھی ہو۔ کامیابی کے لیے ضروری ہے کہ وہ فائدہ دے، محفوظ ہو، قانونی مسائل سے پاک ہو اور لوگوں کے لیے واقعی مفید ہو۔ اگر ان میں سے کوئی چیز کمزور ہو تو بہترین آئیڈیا بھی زیادہ دیر تک نہیں چلتا۔
آخر میں اگر سادہ الفاظ میں بات کریں تو سورا ایک زبردست آئیڈیا تھا۔ اس نے دنیا کو حیران کیا، لوگوں کو متاثر کیا، لیکن عملی مسائل کی وجہ سے وہ زیادہ دیر نہ چل سکا۔ اور یہی ٹیکنالوجی کی دنیا کی حقیقت ہے۔ یہاں ہر دن کچھ نیا آتا ہے، اور جو چیز آج سب سے آگے ہے، وہ کل پیچھے بھی رہ سکتی ہے۔



No Comments