
بچوں میں اے آئی کا بڑھتا رجحان: نئی رپورٹ میں حیران کن انکشافات
حال ہی میں جاری ہونے والی ایک رپورٹ کے مطابق گزشتہ ایک سال کے دوران بچوں میں مصنوعی ذہانت ٹولز کی دلچسپی دوگنا ہو چکی ہے۔ اس کے ساتھ ہی، یوٹیوب دنیا بھر میں بچوں کی پسندیدہ ترین ایپس میں سے ایک رہا ہے۔ ’کسپرسکی‘ کی بچوں کی ڈیجیٹل سرگرمیوں پر مبنی ایک رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ اے آئی سے چلنے والے چیٹ بوٹس میں بچوں کی دلچسپی مسلسل بڑھ رہی ہے۔ رپورٹ کے مطابق، 8 سے 10 سال کی عمر کے بچے روزانہ اوسطاً 6 گھنٹے اسکرین پر گزارتے ہیں، جبکہ 11 سے 14 سال کے بچے تقریباً 9 گھنٹے تک کا وقت دیتے ہیں۔ پاکستان میں سب سے زیادہ استعمال ہونے والی 5 ایپس یوٹیوب (42.90 فیصد)، واٹس ایپ (16.07 فیصد)، انسٹاگرام (8.97 فیصد)، ٹک ٹاک (5.88 فیصد)، اور روبلوکس (4.44 فیصد) ہیں۔
چیٹ بوٹس کی مقبولیت میں غیر معمولی اضافہ
رپورٹ کے مطابق، اس عرصے میں اے آئی ٹولز کی مقبولیت میں نمایاں اضافہ دیکھا گیا ہے۔ جہاں گزشتہ سال 2023-2024 کی رپورٹ میں کوئی اے آئی ایپ ٹاپ 20 کی فہرست میں شامل نہیں تھی۔ وہیں اب ’Character.AI‘ اس فہرست میں جگہ بنا چکی ہے۔ یہ ظاہر کرتا ہے کہ بچے اب صرف اے آئی کے بارے میں جاننے میں دلچسپی نہیں رکھتے بلکہ اسے اپنی ڈیجیٹل زندگی کا حصہ بھی بنا رہے ہیں۔
رپورٹ میں بتایا گیا کہ بچوں کی 7.5 فیصد سے زیادہ آن لائن تلاشیں اے آئی چیٹ بوٹس کے بارے میں تھیں۔ جن میں ChatGPT، Gemini اور خاص طور پر Character.AI جیسے مشہور نام شامل ہیں۔ جو صارفین کو فرضی یا حقیقی کرداروں کی نقل کرنے والے بوٹس بنانے یا ان سے بات چیت کرنے کی سہولت دیتے ہیں۔ یہ گزشتہ سال کے 3.19 فیصد کے مقابلے میں دو گنا سے بھی زیادہ اضافہ ہے۔
یوٹیوب اور گیمنگ کی دنیا میں بڑھتا رجحان
رپورٹ کے مطابق، بچوں کی سب سے عام آن لائن سرگرمی اسٹریمنگ پلیٹ فارمز کے لیے گوگل پر تلاش کرنا تھی۔ تقریباً 18 فیصد تلاشیں ویڈیوز دیکھنے سے متعلق تھیں۔ اس میں کوئی حیرت نہیں کہ یوٹیوب سب سے زیادہ مقبول ایپ بنی ہوئی ہے۔ جس کا استعمال گزشتہ سال 28.13 فیصد سے بڑھ کر 29.77 فیصد ہو چکا ہے۔
اسی دوران، واٹس ایپ 14.72 فیصد کے ساتھ دوسرے نمبر پر آ گیا ہے، جس نے ٹک ٹاک (12.76 فیصد) کو پیچھے چھوڑ دیا ہے۔ یہ تبدیلی بچوں کے درمیان رابطے کے بڑھتے ہوئے رجحان کو ظاہر کرتی ہے، جو دوستوں کے ساتھ لنکس، میمز اور مختصر ویڈیوز شیئر کرنے کے لیے چیٹ ایپس کا زیادہ استعمال کر رہے ہیں۔ گیمنگ کی دنیا میں بھی روبلوکس، مائن کرافٹ اور براؤزر پر مبنی گیمنگ پورٹل Poki کی مقبولیت برقرار ہے۔
کسپرسکی کی ایک ماہر، انا لارکینا نے کہا کہ “اس سال کے رجحانات ظاہر کرتے ہیں کہ بچوں کی ڈیجیٹل دنیا کتنی تیزی سے بدل رہی ہے۔” انہوں نے مزید کہا کہ جب والدین یہ سمجھنے کی کوشش کرتے ہیں کہ ان کے بچے کیا دیکھ رہے ہیں یا کھیل رہے ہیں، تو اس سے بامعنی گفتگو کا راستہ کھلتا ہے اور زیادہ محفوظ ڈیجیٹل عادات قائم کرنے میں مدد ملتی ہے۔ اس سفر میں ڈیجیٹل پیرنٹنگ ایپس بھی مددگار ثابت ہو سکتی ہیں۔
No Comments