گوگل جیمینی کیسے آپ کی پرانی فائلوں سے نئی رپورٹ بنا سکتا ہے؟
اگر آپ کو کوئی رپورٹ تیار کرنی ہو، کسی نئی چیز پر تحقیق کرنی ہو یا پرانی معلومات کو جمع کر کے کوئی تجزیہ بنانا ہو، تو عام طور پر یہ کام کافی وقت لیتا ہے۔ پہلے ہمیں اپنی پرانی ای میلز، گوگل ڈاکیومنٹس، ڈرائیو کی فائلیں اور چیٹ کی بات چیت الگ الگ دیکھنی پڑتی تھیں۔ پھر ان سب کو ایک جگہ جمع کرنا پڑتا تھا۔ لیکن اب گوگل نے اس پورے عمل کو نہایت آسان بنا دیا ہے۔ گوگل کا مصنوعی ذہانت پر مبنی ٹول جیمینی اب اتنا طاقتور ہو چکا ہے کہ وہ آپ کی ای میل، گوگل ڈاکس، ڈرائیو اور چیٹ کی مدد سے خود تحقیق مکمل کر سکتا ہے۔ اس نئی خصوصیت کو “ڈیپ ریسرچ” کہا جاتا ہے۔ اس فیچر کی مدد سے جیمینی آپ کی پرانی فائلز، پیغامات اور نوٹس کو پڑھ کر خود رپورٹ یا تجزیہ تیار کر سکتا ہےاور ساتھ ہی ویب پر موجود معلومات کو بھی شامل کرتا ہے۔
مثال کے طور پر، اگر آپ ایک نیا کاروبار شروع کرنا چاہتے ہیں اور آپ کے پاس کچھ ابتدائی خاکے، ٹیم کی گفتگو، اور چند پرانی ای میلز موجود ہیں تو جیمینی ان سب کو ملا کر آپ کو مکمل مارکیٹ رپورٹ دے سکتا ہے۔ اسی طرح اگر آپ طالبعلم ہیں اور کسی مضمون پر پرانے نوٹس، اسائنمنٹس یا چیٹس موجود ہیں تو یہ سب کچھ جیمینی کی مدد سے تحقیق کا حصہ بن سکتا ہے۔
جیمینی کو استعمال کرنا نہایت آسان ہے۔ آپ صرف جیمینی ٹول کھولیں، “Deep Research” منتخب کریں، اور یہ بتائیں کہ آپ کن ذرائع (ای میل، ڈاکس، ڈرائیو یا چیٹ) کو شامل کرنا چاہتے ہیں۔ بس، باقی کام جیمینی کرے گا۔ یہ فیچر فی الحال کمپیوٹر پر دستیاب ہے اور جلد ہی موبائل پر بھی دستیاب ہو گا۔ اگر آپ جاننا چاہتے ہیں کہ جیمینی کے اور کون سے فیچرز مفت میں دستیاب ہیں، تو یہ مضمون ضرور پڑھیں۔ اس میں تفصیل سے بتایا گیا ہے کہ مفت استعمال کرنے والوں کو جیمینی کیا کچھ پیش کرتا ہے اور “ڈیپ ریسرچ” ان میں سے ایک سب سے اہم فیچر ہے۔ جیمینی میں ایک اور دلچسپ سہولت یہ ہے کہ آپ اپنی تحقیق یا منصوبے کو دوسروں کے ساتھ “جِمز” کی صورت میں شیئر کر سکتے ہیں۔ اس کا مطلب ہے کہ آپ جو کچھ جیمینی میں بناتے ہیں، وہ آپ اپنے دوست، ساتھی یا استاد کے ساتھ آسانی سے بانٹ سکتے ہیں۔ اگر آپ جاننا چاہتے ہیں کہ جیمینی میں جِم کیسے بنایا جاتا ہے تو یہ گائیڈ آپ کے لیے بہترین ہے۔ جیمینی صرف تحریری مواد تک محدود نہیں ہے۔ اس میں “لائیو کیمرہ موڈ” بھی شامل کیا گیا ہے جس کی مدد سے آپ جیمینی کو کسی تصویر یا ویڈیو کے ذریعے بھی سوال پوچھ سکتے ہیں۔ مثال کے طور پر اگر آپ کسی پودے، کتاب یا کھانے کی تصویر دکھاتے ہیں تو جیمینی آپ کو اس سے متعلق مکمل معلومات دے سکتا ہے۔
یہ تمام فیچرز اس بات کی نشاندہی کرتے ہیں کہ جیمینی اب صرف ایک اے آئی ٹول نہیں، بلکہ ایک سمارٹ مددگار بن چکا ہے۔ یہ آپ کا وقت بچاتا ہے، محنت کم کرتا ہے اور نتائج زیادہ بہتر دیتا ہے۔ آپ کے پاس جو معلومات پہلے بکھری ہوئی تھیں، جیمینی اب انھیں جوڑ کر ایک مؤثر اور مکمل نتیجہ دے سکتا ہے۔ اس نئی ٹیکنالوجی سے فائدہ وہ سب لوگ اٹھا سکتے ہیں جو روزمرہ زندگی میں کسی نہ کسی شکل میں تحقیق یا معلومات جمع کرنے کا کام کرتے ہیں۔ چاہے وہ طالبعلم ہوں، کاروباری افراد، ملازمین یا کوئی بھی تو اگر آپ بھی اپنی تحقیق، تجزیہ یا رپورٹ کو زیادہ تیز، مکمل اور ذہانت سے بھرپور بنانا چاہتے ہیں، تو جیمینی کا “ڈیپ ریسرچ” فیچر ضرور آزمائیں۔

No Comments