
اے آئی کی مدد سے گیم بنائیں اردو اے آئی ماسٹر کلاس #6
اگر آپ سوچتے ہیں کہ گیم بنانا صرف ماہر پروگرامرز کا کام ہے تو اردو اے آئی کی ماسٹر کلاس #6 دیکھنے کے بعد آپ کی یہ رائے بدل جائے گی۔ قیصر نے اس ماسٹر کلاس میں 8 سے 15 سال کے بچوں کے لیے یہ عمل نہایت آسان، دلچسپ اور عملی انداز میں سکھایا کہ اے آئی کی مدد سے کیسے گیم، کوئز اور سادہ ایپلی کیشنز بنائی جا سکتی ہیں۔ یوٹیوب ویڈیو میں انہوں نے مرحلہ وار، مکمل ڈیمو کے ساتھ یہ دکھایا کہ کس طرح ایک بچہ یا ابتدائی سطح کا سیکھنے والا بھی اپنی سوچ کو ایک کھیلنے کے قابل گیم میں تبدیل کر سکتا ہے۔
گیم: صرف تفریح نہیں، تربیت بھی
قیصرنے ماسٹر کلاس کی ابتدا ایک نہایت معنی خیز سوال سے کیا کہ “کیا گیم صرف وقت گزارنے کا ذریعہ ہیں یا وہ ہماری شخصیت سازی میں بھی کردار ادا کر سکتی ہیں؟” اور پھر انہوں نے وضاحت کی کہ ہر کامیاب گیم کے پیچھے تین ایسے عناصر ہوتے ہیں جو زندگی کے بڑے اصولوں کی طرح کام کرتے ہیں:
قانون (Rules)
جیسا کہ زندگی میں نظم و ضبط ہمیں کامیابی کی راہ دکھاتا ہے۔ ویسے ہی ہر گیم میں “قانون” کا ہونا ضروری ہے۔
قیصر نے مثال دی:
“اگر گیم میں قانون نہ ہو تو کمزور کبھی جیت نہیں سکتا اور طاقتور کبھی ہارے گا نہیں۔”
اسی لیے گیمز میں قوانین بنائے جاتے ہیں تاکہ ہر کھلاڑی کو یکساں مواقع ملیں۔ مثال کے طور پر، رنگ پہچاننے والی گیم میں غلط رنگ پر 10 پوائنٹس منفی ہوتے ہیں اور درست رنگ پر 20 پوائنٹس مثبت۔ یہ قانون نہ صرف کھیل کو منصفانہ بناتے ہیں بلکہ بچوں کو اصول پسندی سکھاتے ہیں۔
مقصد (Objective)
گیم صرف کھیلنے کے لیے نہیں ہوتی۔ ہر گیم میں ایک واضح مقصد ہوتا ہے۔
یہ مقصد کچھ بھی ہو سکتا ہے:
پوائنٹس حاصل کرنا
مراحل مکمل کرنا
یا علم حاصل کرنا
قیصر نے اسے زندگی کی مثال سے جوڑتے ہوئے کہا: “اگر زندگی میں مقصد نہ ہو تو ہم صرف وقت گزاریں گے، ترقی نہیں کریں گے۔” اسی طرح گیم میں بھی اگر مقصد طے نہ ہو، تو کھلاڑی کی دلچسپی ختم ہو جاتی ہے۔
فیڈبیک (Feedback)
گیم کا سب سے دلچسپ پہلو فیڈبیک ہوتا ہے یعنی نتائج۔ کیا آپ نے درست جواب دیا؟ اس کا جواب ملتا ہے: “اسکور +20” اگر غلطی ہوئی؟ “اسکور -10” یہ فوری فیڈبیک بچے کو سمجھنے میں مدد دیتا ہے کہ وہ کہاں غلط ہوا، کہاں درست۔ یہی تصور زندگی میں بھی لاگو ہوتا ہے: ہر کام کا ایک نتیجہ ہوتا ہے، جو ہمیں بہتر بننے میں مدد دیتا ہے۔
تو آئیں قدم بہ قدم اپنی پہلی گیم بنائیں۔
مرحلہ 1: سوچئے آپ کا آئیڈیا کیا ہے؟
قیصر نے زور دیا کہ ہر گیم کی بنیاد ایک آئیڈیا ہوتا ہے۔ یہ آئیڈیا سادہ بھی ہو سکتا ہے جیسے: رنگ پہچاننے والی گیم، یا تھوڑا تفصیلی جیسے: پاکستان کی جغرافیہ پر مبنی کوئز۔
آپ خود یا دوستوں کے ساتھ بیٹھ کر brainstorming کریں۔ مثلاً: کیا رنگ سکھانے والی گیم بنائی جائے؟، کیا وہ سوال جواب پر مبنی ہو؟، کیا صارف اپنا نام اور تصویر اپلوڈ کر سکے؟ آئیڈیا جتنا واضح ہوگا، گیم اتنی ہی بہتر بنے گی۔
مرحلہ 2: پرومپٹ لکھیں
آئیڈیا کو چیٹ جی پی ٹی کو سمجھانا ہے۔ اور یہ کام ہوتا ہے ایک اچھی پرومپٹ سے۔ مثلاً “ایسی گیم بناؤ جس میں صارف کو رنگ پہچاننے ہوں۔ غلط رنگ پر منفی پوائنٹس اور صحیح رنگ پر انعام ہو۔” آپ پرومپٹ اردو یا انگریزی میں لکھ سکتے ہیں۔ جی پی ٹی اسے خود سمجھ لے گا اور مناسب کوڈ لکھے گا۔
مرحلہ 3: چیٹ جی پی ٹی سے کوڈ حاصل کریں
اب آپ urduai.org/gpt پر جائیں۔ وہاں چیٹ باکس میں صرف اتنا لکھیں:
code:
اس کے بعد اپنی پرومپٹ شامل کریں۔ جی پی ٹی آپ کو مکمل HTML کوڈ فراہم کرے گی، جو ایک مکمل گیم کا بنیادی ڈھانچہ ہوگا۔
مرحلہ 4: اردو اے آئی پر کوڈ پیسٹ کریں
جی پی ٹی سے ملنے والا کوڈ کاپی کریں اور https://urduai.org/code پر جائیں۔
وہاں:
- کوڈ والے خانے میں پیسٹ کریں۔
- پیش نظارہ پر کلک کریں تاکہ گیم دیکھ سکیں۔
- اور اگر گیم درست نظر آئے تو فائل محفوظ کریں پر کلک کریں۔
فائل بطور .html آپ کی ڈاؤن لوڈز میں آجائے گی جسے آپ موبائل یا کمپیوٹر میں چلا سکتے ہیں۔
قیصر نے کچھ ویڈیو کی گیمزمثالیں بھی پیش کیئ۔ جیسے رنگوں کی گیم: یہ گیم چھوٹے بچوں کو رنگ اور انگریزی ہجے سکھانے کا بہترین ذریعہ ہے، پاکستان جغرافیہ کوئزگیم، سانپ والی گیم۔
بچوں کو خود مختار بنائیں گیم بلڈنگ کا فارمولا
آئیڈیا → پرومپٹ → کوڈ → پیش نظارہ → محفوظ کریں → شیئر کریں۔ ویڈیو میں قیصر نے یہ بھی دکھایا کہ کیسے ایک بچہ خود یا دوستوں کے ساتھ بیٹھ کر brainstorming کرے، آئیڈیاز سوچے اور پھر ان کو GPT میں استعمال کرے۔
ویب سائٹ پر گیم کیسے لائیں؟
کلاس میں ایک سوال اٹھا: “یہ گیم ہم اپنی ویب سائٹ پر کیسے لے کر جائیں؟” جواب بہت آسان ہے: آپ HTML کوڈ کو اپنی ویب سائٹ کے HTML ایڈیٹر میں پیسٹ کریں، یا فائل کو بطور game.html سیو کرکے ویب پر اپ لوڈ کریں۔
یہ محض کوڈنگ کلاس نہیں یہ مستقبل کی تیاری ہے
یہ ماسٹر کلاس بچوں کو صرف کوڈنگ نہیں سکھاتی بلکہ انہیں سوچنے، مسئلہ حل کرنے اور ٹیم ورک کی تربیت بھی دیتی ہے۔ جیسے جیسے بچے گیمز ڈیزائن کرتے ہیں۔ ویسے ویسے ان کی تجزیاتی سوچ اور خود اعتمادی میں اضافہ ہوتا ہے۔
کیا آپ نے اپنی پہلی گیم بنائی؟ تو ہمیں ضرور بتائیں! کمنٹ کریں، یوٹیوب پر شیئر کریں یا اسکرین شاٹ ہمیں اردو اے آئی کمیونٹی پر بھیجیں۔
No Comments