
چیٹ جی پی ٹی پَلس کیسے بنائے گا آپ کے دن کو بہتر؟ تفصیل جانیں
صبح جاگتے ہی ہم میں سے اکثر افراد اس سوچ میں ہوتے ہیں کہ دن کا آغاز کہاں سے کریں، کیا جانیں، اور کسے ترجیح دیں۔ سوال یہ نہیں کہ کیا جاننا ہے، بلکہ یہ ہے کہ ہمیں معلوم ہی نہیں ہوتا کہ پوچھنا کیا ہے۔ یہی وہ مسئلہ ہے جس کا حل اب مصنوعی ذہانت نے نکال لیا ہے۔ چیٹ جی پی ٹی نے اپنے صارفین کے لیے ایک نیا فیچر متعارف کرایا ہے جس کا نام ہے پَلس۔ یہ فیچر اب پرو صارفین کے لیے موبائل ایپ میں دستیاب ہے اور اسے استعمال کرنا حیرت انگیز حد تک آسان اور مؤثر ہے۔
چیٹ جی پی ٹی پَلس روزانہ کی بنیاد پر آپ کے لیے مخصوص موضوعات پر تحقیق کرتا ہے اور معلومات کو مختصر، قابلِ عمل بصری کارڈز کی شکل میں پیش کرتا ہے۔ ان کارڈز میں آپ کے زیرِبحث معاملات، آپ کے مقاصد، آپ کی مصروفیات اور دلچسپیوں کو مدِنظر رکھتے ہوئے ذاتی نوعیت کی اپ ڈیٹس شامل ہوتی ہیں۔ جیسے ہی آپ ایپ کھولیں گے۔ آپ کو وہ معلومات ملیں گی جو نہ صرف آپ سے متعلق ہوں گی بلکہ آپ کو اگلا قدم اُٹھانے میں مدد بھی دیں گی۔
یہ فیچر آپ کی چیٹ ہسٹری، گوگل کیلنڈر، جی میل اور دیگر کنیکٹڈ ایپس سے سیکھتا ہے۔ جیسے اگر آپ نے پچھلے دنوں سفر کے بارے میں بات کی ہو، تو اگلی صبح پَلس آپ کو ہوٹل کے مشورے، ٹرین کی ٹکٹ کی ریلیز ڈیٹس اور مقامی سرگرمیوں کی تجاویز بھی دے سکتا ہے۔ یا اگر آپ نے کھانے کی بات کی ہو، تو یہ کم کیلوریز والے کھانے کی ترکیبیں تجویز کرے گا جنہیں آپ رات کو جلدی تیار کر سکیں۔
پَلس صرف معلومات نہیں دیتا بلکہ عملی تجاویز بھی فراہم کرتا ہے۔ یہ آپ کے دن کو منظم کرتا ہے۔ آپ کے شیڈول کو سمجھتا ہے اور آپ کے اہداف کو مدِنظر رکھتے ہوئے ریسرچ مکمل کرتا ہے۔ مثال کے طور پر، اگر آپ کے کیلنڈر میں کسی میٹنگ کی انٹری ہو، تو پَلس اس میٹنگ کے لیے ممکنہ ایجنڈا تجویز کرے گا۔ اگر آپ نے کسی دوست کی سالگرہ یاد رکھی ہے۔ تو یہ آپ کو تحفے کی یاددہانی بھی دے گا۔
دلچسپ بات یہ ہے کہ یہ فیچر ایک طرف تو خودکار ہے۔ لیکن دوسری جانب آپ کی ہدایت پر بھی کام کرتا ہے۔ پَلس آپ سے پوچھتا ہے کہ آپ کو کیا پسند ہے اور پھر اس پسند کے مطابق اپ ڈیٹس فراہم کرتا ہے۔ جیسے سفر کے دوران آپ کی ترجیح کیا ہے: ‘فیملی فرینڈلی ہوٹل’، ‘منفرد تجربات’ یا ‘سستے آپشنز’؟ یہی نہیں، آپ ‘Curate’ بٹن کے ذریعے خود بھی درخواست دے سکتے ہیں کہ آپ کل کن موضوعات پر اپڈیٹس چاہتے ہیں۔
پَلس کو ابتدائی طور پر کچھ کالج طلبہ کے ساتھ ٹیسٹ کیا گیا جنہوں نے بہت مثبت فیڈبیک دیا۔ ایک طالب علم نے بتایا: “میں اپنی چھٹیوں کے شیڈول پر بات کر رہا تھا۔ اگلے دن پَلس نے نہ صرف سفری تجاویز دیں بلکہ مقامی ٹرانسپورٹ کے بارے میں ایسی معلومات فراہم کیں جو میرے علم میں ہی نہیں تھیں۔”
فیچر کے موجودہ ورژن میں روزانہ کی بنیاد پر اپ ڈیٹس ایک بار فراہم کی جاتی ہیں۔ تاکہ صارفین غیر ضروری نوٹیفیکیشنز سے بچ سکیں اور صرف وہی معلومات حاصل کریں جو واقعی اُن کے لیے ضروری ہو۔ تاہم، اگر کوئی اپ ڈیٹ اہم ہو تو آپ اسے چیٹ میں محفوظ کر سکتے ہیں یا بعد میں اس پر فالو اپ کر سکتے ہیں۔
یہ بات قابل ذکر ہے کہ چونکہ پَلس ابھی ایک پریویو فیچر ہے۔ اس لیے یہ ہر بار مکمل درست اور متعلقہ معلومات فراہم نہیں کر سکتا۔ ممکن ہے کہ آپ کو ایسے مشورے بھی موصول ہوں جو آپ کے لیے غیر متعلقہ ہوں یا کسی مکمل شدہ منصوبے سے متعلق ہوں۔ مگر آپ کا فیڈبیک اسے بہتر بناتا ہے۔ چیٹ جی پی ٹی آپ کے ردِعمل کو یاد رکھتا ہے اور اگلی بار بہتر تجاویز دینے کی کوشش کرتا ہے۔
پَلس کا اصل ہدف یہ ہے کہ مصنوعی ذہانت اب محض سوالات کے جوابات دینے کا ٹول نہ رہے بلکہ ایک ایسا ذاتی معاون بن جائے جو آپ کے لیے تحقیق کرے، منصوبے بنائے اور وقت پر کام کی یاددہانی کرائے۔ گویا ایک ایسا اسسٹنٹ جو سارا دن آپ کے لیے سوچتا رہے۔ تاکہ آپ اپنی زندگی پر بہتر انداز سے توجہ دے سکیں۔
مستقبل میں پَلس کو مزید ایپس کے ساتھ جوڑا جائے گا۔ جیسے کہ ورک اسپیس ٹولز، تعلیمی پلیٹ فارمز یا صحت سے متعلق ایپس تاکہ صارف کی زندگی کے تمام پہلوؤں کو سمجھا جا سکے اور زیادہ مربوط، بامعنی اپ ڈیٹس دی جا سکیں۔
چیٹ جی پی ٹی پَلس کی یہ پیش رفت مصنوعی ذہانت کے اس سفر کی شروعات ہے جہاں انسان کو ہر سوال خود نہیں کرنا پڑے گا۔ بلکہ مشین خود جان لے گی کہ صارف کو کب، کیا، اور کیوں جاننے کی ضرورت ہے۔ یہ ایک نئے دور کی شروعات ہے جس میں وقت، معلومات اور کارکردگی تینوں کو بہتر بنایا جا سکتا ہے۔
No Comments