
سیم آلٹمین کا بیان میرے بچے کبھی اے آئی سے زیادہ ذہین نہیں ہوں گے۔
اوپن اے آئی کے سی ای او اور شریک بانی، سیم آلٹمین نے حال ہی میں کہا ہے کہ ان کے بچے مصنوعی ذہانت یعنی اے آئی سے کبھی زیادہ ذہین نہیں ہوں گے۔ تاہم، ان کا ماننا ہے کہ اے آئی ٹولز میں مہارت کی وجہ سے ان کے بچے ہم سے کہیں زیادہ قابل اور باصلاحیت ہوں گے۔ سیم آلٹمین، جنہوں نے رواں سال فروری میں اپنے پہلے بچے کی پیدائش کا اعلان کیا تھا۔ کا کہنا ہے کہ چیٹ جی پی ٹی جیسے ٹولز کی بدولت ان کے بچے زیادہ قابل تو ہوں گے لیکن زیادہ ذہین نہیں۔
اے آئی سے زیادہ قابل نسل
اوپن اے آئی کے پوڈ کاسٹ کی پہلی قسط میں بات کرتے ہوئے آلٹمین نے کہا، “میرے بچے کبھی بھی اے آئی سے زیادہ ذہین نہیں ہوں گے۔” انہوں نے مزید کہا، “وہ ہماری نسل کے مقابلے میں بہت زیادہ قابل ہوں گے اور ایسے کام کر سکیں گے جن کا ہم تصور بھی نہیں کر سکتے، اور وہ اے آئی کے استعمال میں بہت ماہر ہوں گے۔”
آلٹمین کا کہنا ہے کہ وہ اس بات پر زیادہ غور کرتے ہیں کہ مصنوعی ذہانت اگلی نسل کو کیا فوائد فراہم کرے گی، بجائے اس کے کہ اس سے کیا چھن جائے گا۔ انہوں نے مزید کہا، “مجھے نہیں لگتا کہ میرے بچوں کو اس بات سے کبھی کوئی پریشانی ہوگی کہ وہ اے آئی سے زیادہ ذہین نہیں ہیں۔”
مسائل اور فوائد
اس کے فوراً بعد، آلٹمین نے اس بات کا اعادہ کیا کہ اے آئی ٹیکنالوجی میں ترقی مستقبل کے معاشروں کے لیے مسائل بھی پیدا کرے گی، لیکن ان کے خیال میں فوائد نقصانات سے کہیں زیادہ ہوں گے۔
ان کا کہنا تھا، “مجھے شبہ ہے کہ یہ سب کچھ اچھا نہیں ہوگا۔ مسائل ضرور ہوں گے۔ لوگ ان ٹولز پر انحصار کرنے لگیں گے، اور معاشرے کو نئی حدود متعین کرنی ہوں گی۔ لیکن اس کے فوائد بہت زیادہ ہوں گے۔” سیم آلٹمین نے یہ بھی بتایا کہ وہ اپنے بچے کی پرورش میں مدد کے لیے چیٹ جی پی ٹی کا استعمال کرتے ہیں۔
No Comments