
مصنوعی ذہانت کے ساتھ تین سوالوں پر مبنی پوڈکاسٹ آلیا عمران کے ساتھ
مصنوعی ذہانت صرف ایک ٹیکنالوجی نہیں، بلکہ ایک انقلاب ہے جو تیزی سے ہماری روزمرہ زندگی کا حصہ بن رہا ہے۔ لیکن سوال یہ ہے کہ: کیا یہ سب کچھ عام لوگوں کے لیے بھی قابلِ فہم ہے؟ کیا کوڈنگ کے بغیر بھی اے آئی استعمال کی جا سکتی ہے؟ اور آخر لوگ اس سے گھبراتے کیوں ہیں؟ اسی حوالے سے اردو اے آئی کے بانی قیصر رنجھا نے “تھری کوئسچن پوڈکاسٹ” میں میزبان آلیا عمران کے ساتھ ایک دلچسپ اور سادہ گفتگو کی۔ اس بلاگ میں آپ جان سکیں گے کہ اے آئی کیا ہے، یہ کیسے کام کرتی ہے، اور آپ اسے اپنی زندگی میں کیسے استعمال کر سکتے ہیں۔ وہ بھی بغیر کسی تکنیکی الجھن کے۔
آلیا عمران:
السلام علیکم! خوش آمدید “تھری کوئسچن پوڈکاسٹ” میں۔ یہ ایک ایسا شو ہے جہاں ہم سادہ سوالات کے ذریعے بڑے اور گہرے موضوعات کو سمجھنے کی کوشش کرتے ہیں۔ میں ہوں آپ کی میزبان آلیا عمران، اور آج ہمارے ساتھ موجود ہیں ایک خاص مہمان جنہوں نے پاکستان میں مصنوعی ذہانت یعنی آرٹیفیشل انٹیلیجنس کو عام لوگوں تک پہنچانے کا بیڑا اٹھایا۔ یہ ہیں قیصر رنجھا، بانی “اردو اے آئی”۔ آج ہم ان سے کریں گے صرف تین سوال ۔ مگر وہ سوال جو اکثر لوگوں کے دل میں ہوتے ہیں جب وہ “اے آئی” کا نام سنتے ہیں۔ تو آئیے، شروع کرتے ہیں آج کا دلچسپ سفر۔
آلیا عمران:
پہلا سوال اے آئی آخر ہے کیا؟ اور لوگ اس سے ڈرتے کیوں ہیں؟
قیصر رنجھا:
سب سے پہلے تو آپ کا شکریہ آلیا، کہ آپ نے مجھے اپنے پوڈکاسٹ میں مدعو کیا۔ میں آپ کا شو بڑے شوق سے دیکھتا ہوں، اور دل میں خواہش بھی تھی کہ کبھی آپ کی پوڈکاسٹ میں آؤں۔ اب چلیں سادہ الفاظ میں سمجھتے ہیں۔
اے آئی ایک ایسی ٹیکنالوجی ہے جو کمپیوٹرز اور مشینوں کو “سوچنے”، “سمجھنے” اور “فیصلے کرنے” کی صلاحیت دیتی ہے۔ یہ انٹرنیٹ سے ڈیٹا اکٹھا کرتی ہے، پیٹرنز پہچانتی ہے ۔ یعنی لفظوں اور جملوں کے درمیان تعلق سمجھتی ہے۔ اور جب کوئی انسان سوال کرتا ہے، تو وہ انہی پیٹرنز کی بنیاد پر جواب تیار کرتی ہے۔
مثال کے طور پر، جب آپ یوٹیوب پر کچھ دیکھتے ہیں، تو اگلی بار وہ ویسے ہی ویڈیوز دکھاتا ہے ۔ یا نیٹ فلکس اور گوگل پہ آپ جو سرچ کرتے ہیں، وہ اسی طرز کے اشتہارات یا مواد دکھاتے ہیں۔ یہ سب اے آئی ہے۔
اب چونکہ “جنریٹیو اے آئی” آ چکی ہے، یعنی اے آئی صرف سمجھتی نہیں بلکہ نئے مواد بھی بنا سکتی ہے ۔ جیسے اگر آپ کہیں “ایک گاؤں کی تصویر بنا دو”، تو یہ انٹرنیٹ سے گاؤں کی تصاویر، طرزِ رہائش، لباس، سب کچھ دیکھ کر ایک تصویر خود بنا دے گی۔ اگر آپ کہیں “بلوچستان کے کسی گاؤں کی تصویر بنا دو”، تو یہ مخصوص ڈیٹا دیکھ کر ایسی ہی تصویر تخلیق کرے گی۔
یہی کام یہ آواز، ویڈیو، یا تحریر میں بھی کر سکتی ہے۔ یہ ایک طاقتور ٹیکنالوجی ہے جس کے اثرات مثبت بھی ہوں گے اور منفی بھی، لیکن میں سمجھتا ہوں کہ ہم اگر اس کو مثبت طریقے سے استعمال کریں تو فائدہ زیادہ ہوگا۔
آلیا عمران:
بہت عمدہ! تو پھر لوگ اے آئی سے ڈرتے کیوں ہیں؟
قیصر رنجھا:
دراصل، لوگوں کو ہمیشہ نئی ٹیکنالوجی سے ڈر لگتا ہے۔ جیسے جب موبائل فون آیا تھا، تو لوگوں نے کہا کہ یہ معاشرے کو بگاڑ دے گا۔ لیکن وقت کے ساتھ ہم نے اسے اپنا لیا — اچھائی بھی دیکھی، برائی بھی۔ فرق صرف یہ ہے کہ آپ اسے کس طرح استعمال کرتے ہیں۔ بدقسمتی سے، حکومت اور ادارے عام لوگوں کو آگاہی نہیں دیتے۔ جن کو پتہ ہے، وہ بھی آسان زبان میں بات نہیں کرتے۔ یہی وجہ ہے کہ ہم نے “اردو اے آئی” کا آغاز کیا تاکہ ہر عام بندہ، چاہے اس نے کبھی کمپیوٹر نہ بھی پڑھا ہو، وہ بھی اے آئی کو سمجھ سکے۔
آلیا عمران:
زبردست! اب دوسرا سوال کیا کوئی شخص جو کوڈنگ نہیں جانتا، وہ بھی اے آئی استعمال کر سکتا ہے؟
قیصر رنجھا:
بہت اچھا سوال کیا آپ نے، اور اکثر لوگ یہ پوچھتے ہیں۔ کوڈنگ دراصل کمپیوٹر کی زبان ہے، مگر اب یہ بات پیچھے رہ گئی ہے۔ آج اے آئی ہماری زبان، ہمارے انداز، حتیٰ کہ ہماری غلط اسپیلنگز کو بھی سمجھتی ہے۔ میرا ایک شاگرد ہے، جو بہت ٹوٹی پھوٹی زبان میں بات کرتا ہے، اسپیلنگ بھی غلط، جملے بھی ادھورے مگر اے آئی سمجھ جاتی ہے کہ وہ کیا کہنا چاہ رہا ہے۔
آپ صرف اپنا آئیڈیا بولیں، جیسے: “مجھے ایک گانا بناؤ”، “ایک ویڈیو بناؤ”، “ایک تصویر بناؤ” اور بس، اے آئی وہ بنا دیتی ہے۔
آلیا عمران:
بہترین! اب آخری سوال اگر کسی کو اے آئی سیکھنی ہو، تو کہاں سے آغاز کرے؟
قیصر رنجھا:
دیکھیں، اے آئی کوئی عارضی چیز نہیں، یہ یہاں رکنے آئی ہے۔ یہ ہماری روزمرہ زندگی کا حصہ بن چکی ہے۔ اس لیے پہلا مشورہ یہ ہے کہ “شارٹ کٹ” مت تلاش کریں۔ یوٹیوب پر ایسے ویڈیوز نظر آئیں گے کہ “اے آئی سے ایک رات میں لاکھوں کمائیں” مگر سچ یہ ہے کہ اگر آپ سیکھنا نہیں چاہتے تو آپ کچھ حاصل نہیں کر سکیں گے۔
تکنیکی تفصیلات میں مت جائیں، بس سمجھیں کہ یہ کیسے کام کرتی ہے۔ میں ایک آسان مثال دیتا ہوں۔ جیسے “پریشر کُکر”۔ وہ آپ کے کھانے کو جلدی تیار کر دیتا ہے، مگر ترتیب، مصالحہ، طریقہ یہ سب آپ کو آنا چاہیے۔ ایسے ہی، اے آئی ایک زبردست ٹول ہے، لیکن یہ آپ پر منحصر ہے کہ آپ اس سے کیا اور کیسے کرواتے ہیں۔
اگر آپ سیکھنا چاہتے ہیں
تو “اردو اے آئی” کی ماسٹر کلاس یوٹیوب پر موجود ہے۔ ہم نے 8 سے 10 ویڈیوز میں انتہائی سادہ زبان میں سمجھایا ہے کہ اے آئی کو کیسے استعمال کرنا ہے۔
آلیا عمران:
واہ قیصر صاحب! آپ نے واقعی اے آئی کو عام فہم اور دلچسپ انداز میں بیان کیا۔ تو دوستوں، یہ تھے ہمارے آج کے تین سوال، اور ان کے زبردست جوابات اردو اے آئی کے بانی قیصر رنجھا سے۔ اگلی قسط میں کسی اور مہمان کے ساتھ دوبارہ ملاقات ہوگی۔
تب تک کے لیے، اللہ حافظ! اور ہاں، “اردو اے آئی” کو ضرور فالو کریں!
No Comments