آرٹی فیشل انٹیلی جنس (اے آئی) ٹیکنالوجی کے تیزی سے پھیلاؤ پر کچھ حلقوں کی جانب سے خدشات ظاہر کرتے ہوئے کہا گیا ہے کہ اس سے انسانیت کو نقصان پہنچ سکتا ہے۔
اب اس حوالے سے مائیکرو سافٹ کے شریک بانی بل گیٹس نے جواب دیا ہے۔
ایک انٹرویو کے دوران بل گیٹس نے اے آئی ٹیکنالوجی کی تیاری کی رفتار پر خدشات ظاہر کیے مگر ان کے خیال میں نئی ٹیکنالوجی کو مزید بہتر بنانے کا کام روکنا درست نہیں ہوگا۔
بل گیٹس نے کہا کہ ان کا ماننا ہے کہ اے آئی گیم چینجنگ ٹیکنالوجی ہے اور مستقبل پر اس کے اثرات بہت زیادہ نمایاں ہوں گے۔
اے آئی ٹیکنالوجی کے حوالے سے بل گیٹس کی نئی پیشگوئی
بل گیٹس کی کمپنی نے اوپن اے آئی میں سرمایہ کاری کی تھی جس نے نومبر 2022 میں چیٹ جی پی ٹی نامی اے آئی چیٹ بوٹ کو متعارف کرایا تھا۔
یہ تاریخ میں سب سے زیادہ تیزی سے مقبول ہونےو الے ایپ ثابت ہوئی جس کے ماہانہ صارفین کی تعداد محض 2 ماہ میں 10 کروڑ تک پہنچ گئی تھی۔
درحقیقت مقبولیت کے لحاظ سے چیٹ جی پی ٹی نے ٹک ٹاک، انسٹا گرام اور دیگر ایپس کو پیچھے چھوڑ دیا۔
بل گیٹس نے کہا کہ ہم سب کو ڈر ہے۔ کہ برے کردار اس ٹیکنالوجی تک رسائی حاصل کر سکتے ہیں مگر اس پر کام جاری رہنا چاہیے۔
ایلون مسک سمیت متعدد افراد کی جانب سے اے آئی ٹیکنالوجی پر کام روکنے کا مطالبہ کیا گیا تھا۔
بل گیٹس نے اس مطالبے سے عدم اتفاق کرتے ہوئے کہا کہ آپ اچھے افراد کو روک سکتے ہیں مگر سب کو روکنا ممکن نہیں جس سے ہمیں ہی نقصان ہوگا۔
انہوں نے یہ خدشہ ضرور ظاہر کیا کہ اس ٹیکنالوجی تک برے افراد کی رسائی سے منفی اثرات مرتب ہو سکتے ہیں۔ مگر ان کا کہنا تھا کہ حکومتوں اور ریگولیٹرز کو اس حوالے سے کردار ادا کرنا چاہیے۔
انہوں نے مزید کہا کہ اے آئی ٹیکنالوجی نے اپنی صلاحیتوں سے حیران کر دیا ہے اور یہ متعدد صنعتوں کو بدل کر رکھ دے گی۔
بل گیٹس کے خیال میں اے آئی ٹیکنالوجی کے مثبت اثرات منفی چیزوں سے زیادہ ہوں گے۔
اے آئی ٹیکنالوجی حالیہ دہائیوں کی اہم ترین پیشرفت ہے، بل گیٹس
مائیکرو سافٹ کے شریک بانی نے چیٹ جی پی ٹی سافٹ وئیر کو سراہتے ہوئے کہا کہ اس کا نیا ورژن پہلے سے کہیں زیادہ بہتر ہے۔
یہ پہلی بار نہیں جب بل گیٹس کی جانب سے اے آئی ٹیکنالوجی کے حوالے سے جوش و خروش کا اظہار کیا گیا۔
اپریل میں ایک کانفرنس سے خطاب کے دوران بل گیٹس نے پیشگوئی کی تھی کہ ڈیڑھ سال کے اندر اے آئی چیٹ بوٹس بچوں کو پڑھنے اور لکھنے میں مدد فراہم کر رہے ہوں گے۔
انہوں نے کہا کہ اے آئی چیٹ بوٹس کسی انسان جتنے ہی اچھے استاد ثابت ہوں گے۔
مارچ 2023 میں ایک بلاگ پوسٹ میں بل گیٹس نے اے آئی ٹیکنالوجی کو مائیکرو پراسیسر، پرسنل کمپیوٹر، انٹرنیٹ اور موبائل فون جتنا اہم قرار دیا تھا۔
اس موقع پر ان کا کہنا تھا کہ یہ ٹیکنالوجی لوگوں کے کام کرنے، سیکھنے، سفر، طبی نگہداشت اور ایک دوسرے سے رابطوں کو بدل کر رکھ دے گی۔
بل گیٹس نے دنیا بھر کی حکومتوں سے مطالبہ کیا کہ وہ ٹیکنالوجی انڈسٹری کے ساتھ مل کر اے آئی سے جڑے خطرات کو محدود کریں۔
بشکریہ:اردو جیوٹی وی