
اے آئی کیا ہے؟ اردو اے آئی ماسٹر کلاس 1
السلام علیکم دوستوں! مجھے آپ کو یہاں دیکھ کر بہت خوشی ہو رہی ہے۔ اور میں بہت زیادہ پرجوش ہوں کہ ہم سب مل کر اردو اے آئی کے ساتھ اردو اے آئی ماسٹر کلاس کی یہ زبردست سفر شروع کر رہے ہیں۔ میرا نام قیصر رونجہ ہے اور میں اردو اے آئی کی طرف سے عام فہم الفاظ میں مصنوعی ذہانت اے آئی کیا ہے کو آسان انداز میں سمجھانے کی کوشش کرتا ہوں۔ اردو اے آئی دراصل “وانگ لیب آف انوویشن” کا ایک منصوبہ ہے۔ جو پاکستان کی پہلی دیہی انوویشن لیب ہے۔ میں وانگ لیب کا بانی اور ایگزیکٹو ڈائریکٹر ہوں۔
ہمارا مشن اور اردو اے آئی
کہ ہم ٹیکنالوجی کو عام عوام کے لیے آسان اور قابلِ رسائی بنائیں۔ بلوچستان میں ہم نے ایک لیب قائم کی ہے۔ جہاں نوجوان، خواتین، اور بچے بغیر کسی فیس اور بغیر کسی خرچ کے ٹیکنالوجی سیکھ سکتے ہیں۔ یہ میرا اور اردو اے آئی کا مختصر تعارف ہے۔ باقی آپ ہمیں وقتاً فوقتاً انٹرنیٹ کے ذریعے مزید جان سکتے ہیں۔ آج جو سفر ہم شروع کر رہے ہیں۔ وہ اردو اے آئی ماسٹر کلاس ہے۔ میں پچھلے دو سال سے مصنوعی ذہانت پر ویڈیوز بنا رہا ہوں اور کوشش کر رہا ہوں کہ زیادہ سے زیادہ لوگ اس سے مستفید ہوں۔
میری دلچسپی اور جذبہ اس وقت شروع ہوا جب چَیٹ جی پی ٹی نومبردسمبر 2022 میں لانچ ہوا۔ جب میں نے دیکھا کہ اس ٹیکنالوجی کےاندر بے پناہ طاقت ہے جو لاکھوں لوگوں کی زندگیاں بدل سکتی ہے۔ تو میں نے فیصلہ کیا کہ یہ علم زیادہ سے زیادہ لوگوں تک پہنچانا ہوگا۔ پہلے ایک عام طالب علم کے لیے کسی بڑی یونیورسٹی کے اسٹوڈنٹ سے مقابلہ کرنا ناممکن تھا۔ کیونکہ اس کے پاس وسائل نہیں تھے، کوئی گائیڈ کرنے والا نہیں تھا، لیکن اے آئی نے یہ فاصلہ ختم کر دیا۔
اب چاہے آپ لاہور میں ہوں، لاڑکانہ میں ہوں، دیر بالا میں ہوں یا چمن میں۔ اگر آپ کے پاس مصنوعی ذہانت کا علم ہے اور اللہ نے آپ کو عقل دی ہے۔ تو آپ دنیا کے کسی بھی میدان میں مقابلہ کر سکتے ہیں۔ اور اپنی پہچان بنا سکتے ہیں۔
یہ میں ایسے نہیں کہہ رہا! مجھے 15 سال سے زیادہ کا تجربہ ہے۔ بلوچستان کی سرکاری یونیورسٹی سے لے کر امریکہ کی ٹاپ 5 یونیورسٹی تک، کینیڈا میں ماسٹرز، جرمنی میں فیلوشپ، نیویارک میں کام کا تجربہ اور بہت کچھ! میں وائٹ ہاؤس ایمرجنگ لیڈرز فیلوشپ، پاکستان کی نیشنل یوتھ کونسل کا حصہ رہا ہوں۔ اور ملینز کے فنڈ ریزنگ پراجیکٹس کیے ہیں۔ یہ سب بتانے کا مقصد شیخی بگھارنا نہیں۔ بلکہ آپ کو دکھانا کہ اے آئی واقعی زندگی بدل سکتی ہے۔
اے آئی کوئی عام ٹیکنالوجی نہیں
یہ آپ کے ساتھ بات کر سکتی ہے، سیکھ سکتی ہے، اور فیصلے بھی کر سکتی ہے۔ اگر آپ کسی چیز کے بارے میں بار بار بات کریں۔
تو اے آئی خود بخود سیکھ کر آپ کو بہتر جواب دینا شروع کر دے گی۔ آپ نے نوٹ کیا ہوگا کہ یوٹیوب پر جب آپ کوئی ویڈیو دیکھتے ہیں۔
تو اگلی بار ویسی ہی ویڈیوز آپ کے سامنے آنے لگتی ہیں۔ یہ سب مصنوعی ذہانت کا ہی کمال ہے!
اسی طرح جیسے کوئی شوہر یا بیوی ایک دوسرے کی عادات سیکھ لیتے ہیں۔ اے آئی بھی ہمارے رویے اور عادات کو سیکھتی ہے اور پھر اسی کے مطابق جواب دیتی ہے۔
اے آئی کو مزید سمجھنے کے لیے ایک سادہ مثال:
جیسے ٹیلی فون ایک ٹیکنالوجی ہے۔ اور مختلف کمپنیاں جیسے جاز، زونگ، پی ٹی سی ایل یہ سروس فراہم کرتی ہیں۔ بالکل اسی طرح اے آئی ایک بنیادی ٹیکنالوجی ہے، اور مختلف کمپنیاں جیسے گوگل، اوپن اے آئی، مائیکروسافٹ اس ٹیکنالوجی پر کام کر رہی ہیں۔
اے آئی کی طاقت کا اندازہ اس بات سے لگائیں کہ:
یہ صرف پرانے ڈیٹا کی بنیاد پر جواب نہیں دیتی، بلکہ اب یہ نئی چیزیں تخلیق بھی کر سکتی ہے! اس لیے اگلا قدم ہوگا آرٹیفیشل جنرل انٹیلیجنس (AGI)، جہاں اے آئی خود فیصلے کرے گی اور مسائل حل کرے گی۔
اس کے بعد اے آئی کا اگلا اسٹیج ہوگا:
“آرٹیفیشل سپر انٹیلیجنس (ASI)”، جہاں مشین نہ صرف سوچ سکے گی، بلکہ نئے نظریات بھی بنا سکے گی! یہ ابھی خیالی تصور ہے، لیکن سائنسدان اس پر کام کر رہے ہیں۔
تو آج ہم نے 3 بنیادی باتیں سیکھی:
- اے آئی کیا ہے؟
- یہ کیسے کام کرتی ہے؟
- اس کے اگلے مراحل کون سے ہیں؟
اگر آپ یہ ویڈیو یہاں تک دیکھ چکے ہیں، تو اس کا مطلب ہے کہ آپ واقعی اس میں دلچسپی رکھتے ہیں۔ میرا مقصد صرف یہ ہے کہ زیادہ سے زیادہ لوگ اے آئی کو سمجھیں، اور اپنی زندگیوں کو بہتر بنائیں۔ اگر آپ کے پاس کوئی سوال، مشورہ یا رائے ہے، تو برائے مہربانی کمنٹ میں ضرور بتائیں تاکہ ہم اگلی ویڈیوز میں مزید وضاحت کر سکیں۔ اگلی کلاس میں ہم دیکھیں گے کہ کون کون سے پلیٹ فارمز اے آئی فراہم کر رہے ہیں،اور یہ کیسے کام کرتے ہیں؟
آپ سب کی توجہ کا بہت شکریہ! میں اردو اے آئی کی طرف سے ہمیشہ کوشش کرتا رہوں گا کہ عام فہم زبان میں، عام لوگوں کے لیے، اے آئی کو سمجھایا جائے۔
Asma Jahangir
Wonderful information about AI.