
کیا GPT-5 Codex اب خود سے مکمل پراجیکٹ بنا سکتا ہے؟ جانیں تفصیل
چیٹ جی پی ٹی نے حال ہی میں اپنے کوڈنگ ماڈل Codex کو نئے انداز میں اپگریڈ کر دیا ہے۔ یہ نیا ورژن GPT-5 Codex کہلاتا ہے جو خاص طور پر سافٹ ویئر ڈیویلپرز کے لیے بنایا گیا ہے تاکہ وہ کوڈنگ کے پیچیدہ مراحل میں بہتر مدد حاصل کر سکیں۔ یہ صرف ایک سوال و جواب والا بوٹ نہیں رہا بلکہ اب ایک ذہین ڈیجیٹل کوڈنگ ساتھی بن چکا ہے جو نہ صرف سوالات کے جوابات دیتا ہے بلکہ خود سے کوڈنگ کے کام انجام دے سکتا ہے۔
GPT-5 Codex اب اس قابل ہو چکا ہے کہ خود سے مکمل پراجیکٹ تیار کر سکے، پرانے کوڈ کو بہتر بنائے، کوڈ میں موجود خامیوں یعنی بگز کو تلاش کرے اور کوڈ کی مکمل جانچ یعنی Code Review بھی انجام دے سکے۔ اس کی سب سے بڑی خصوصیت یہ ہے کہ یہ کام کی نوعیت کے مطابق اپنے سوچنے اور ردعمل دینے کے وقت کو خود طے کرتا ہے۔ اگر کام آسان ہو تو یہ فوراً جواب دیتا ہے۔ لیکن اگر کام پیچیدہ ہو تو زیادہ وقت لیتا ہے تاکہ بہتر اور درست نتیجہ پیش کر سکے۔
اوپن اے آئی نے بتایا ہے کہ اندرونی تجربات میں Codex سات گھنٹے تک مسلسل خود مختار انداز میں کام کرتا رہا۔ اس دوران اس نے خود سے حل نکالے، ٹیسٹ چلائے، مسائل حل کیے اور مکمل طور پر قابل عمل کوڈ تیار کر کے فراہم کیا۔
نئے ورژن کے ساتھ Codex اب مختلف ڈیویلپمنٹ ماحول جیسے CLI، IDE اور Cloud میں بہتر انداز میں کام کر سکتا ہے۔ Codex اب تصاویر اور اسکرین شاٹس کو بھی سمجھ سکتا ہے۔ جو کہ کوڈ کی وضاحت میں بہت اہم ہوتا ہے۔ ٹرمینل UI میں بھی بہتری کی گئی ہے تاکہ کام کے دوران ڈویلپرز کے لیے نتائج کو پڑھنا اور سمجھنا آسان ہو۔ اب Codex گفتگو کی لمبائی کو خود مختصر کر کے طویل نشستوں میں بھی مؤثر طریقے سے کام کرتا ہے۔
Codex کو اب Visual Studio Code جیسے کوڈنگ ایڈیٹرز کے ساتھ براہ راست جوڑ دیا گیا ہے۔ یہ کھلی ہوئی فائلوں اور منتخب شدہ کوڈ کو دیکھ کر سیاق و سباق کے مطابق فوری اور درست جوابات دیتا ہے۔ اس سے Codex کے ساتھ کام کرنا مزید آسان ہو گیا ہے کیونکہ اب صارف کو طویل ہدایات دینے کی ضرورت نہیں۔
Cloud کے میدان میں بھی Codex نے کئی نئی سہولیات فراہم کی ہیں۔ اب ڈیویلپرز Codex کے ذریعے GitHub یا اپنے IDE سے براہ راست کلاؤڈ ٹاسک تفویض کر سکتے ہیں، ٹاسکس کا جائزہ لے سکتے ہیں اور مکمل معلومات واپس لوکل مشین پر لا سکتے ہیں۔ Codex خود سے ماحول تیار کرتا ہے، ضروری ڈیپنڈنسیز انسٹال کرتا ہے، کمانڈز چلاتا ہے اور اپنی پیشرفت کی تصاویر تیار کر کے شامل کرتا ہے۔
Codex اب مکمل طور پر سیف موڈ میں کام کرتا ہے، جس کا مطلب یہ ہے کہ یہ از خود نیٹ ورک تک رسائی حاصل نہیں کرتا۔ کسی بھی خطرناک یا اہم عمل سے پہلے اجازت طلب کرتا ہے۔ اور ہر کام کا لاگ، آؤٹ پٹ اور حوالہ بھی فراہم کرتا ہے تاکہ انسان خود جانچ سکے کہ Codex نے کیا اور کیوں کیا۔
اب GPT-5 Codex میں تین بڑے نئے فیچرز کا اضافہ کیا گیا ہے:
- Slack انٹیگریشن
Slack ایک چیٹ ایپ ہے جو دفاتر میں ٹیم کے ساتھ بات چیت کے لیے استعمال ہوتی ہے۔ اب آپ Slack میں صرف “@Codex” لکھ کر اس سے کچھ پوچھ سکتے ہیں یا کوئی کام دے سکتے ہیں، بالکل ایسے جیسے کسی ساتھی کو کہتے ہیں۔ Codex خود ہی بات سمجھتا ہے اور آپ کو اس کام کا لنک دیتا ہے جہاں سے آپ اسے چیک کر سکتے ہیں یا مزید تبدیلی کر سکتے ہیں۔ - Codex SDK
اگر آپ کوئی ایپ یا ویب سروس بنا رہے ہیں، تو Codex کو اس میں شامل کرنا اب بہت آسان ہو گیا ہے۔ صرف تھوڑا سا کوڈ لکھ کر آپ Codex کو اپنی ایپ میں لا سکتے ہیں، اور پھر یہ خود بخود آپ کے دیے گئے جملے سمجھ کر کام کرے گا۔ اس میں یہ خوبی بھی ہے کہ اگر آپ کچھ دیر بعد اسی بات کو جاری رکھنا چاہیں، تو یہ پرانی بات یاد رکھتا ہے۔ - Admin Tools
اگر آپ کسی ٹیم یا کمپنی میں سسٹم کو سنبھالتے ہیں، تو اب Codex کے لیے آپ کو خاص ٹولز دیے گئے ہیں۔ آپ دیکھ سکتے ہیں کہ Codex کہاں استعمال ہو رہا ہے، پرانے اور غیرضروری مواد کو ہٹا سکتے ہیں، اور سیکیورٹی کے لیے خود اپنے اصول سیٹ کر سکتے ہیں۔ ساتھ ہی، ایک ڈیش بورڈ کے ذریعے ہر چیز کا آسانی سے جائزہ لیا جا سکتا ہے۔
یہ نئی سہولیات ان تمام صارفین کے لیے دستیاب ہیں جو چیٹ جی پی ٹی کے پلس، پرو، بزنس، ای ڈی یو (یعنی تعلیمی) یا انٹرپرائز (یعنی بڑی کمپنیوں والے) پیکجز استعمال کر رہے ہیں۔ خاص طور پر جو ایڈمن ٹولز یعنی کنٹرول اور نگرانی کے آلات ہیں، وہ صرف بزنس، ای ڈی یو اور انٹرپرائز پلان استعمال کرنے والوں کو میسر ہوں گے۔ مزید یہ کہ ۲۰ اکتوبر سے جو کام آپ Codex Cloud میں کریں گے، وہ بھی آپ کے Codex پلان کی گنتی میں شامل ہوں گے۔ یعنی اگر آپ کا پیکج محدود استعمال کا ہے تو یہ کام بھی اسی میں شمار ہوں گے۔
GPT-5 Codex کی مقبولیت روز بروز بڑھ رہی ہے۔ صرف اگست سے لے کر اب تک Codex کے استعمال میں 10 گنا اضافہ ہوا ہے۔ یہ ماڈل اب تک 40 ٹریلین tokens پر کام کر چکا ہے اور اوپن اے آئی کی ٹیم کے تقریباً تمام انجینئر اسے روزانہ استعمال کرتے ہیں۔ اور بڑی کمپنیاں جیسے Cisco، Duolingo، Vanta اور Instacart بھی اب Codex کو اپنی ترقی کا حصہ بنا چکی ہیں۔ Cisco میں Codex کی مدد سے پیچیدہ کوڈ ریویوز 50 فیصد تیز ہو گئے ہیں۔ جبکہ Instacart نے Codex SDK کو اپنی coding platform Olive میں شامل کیا ہے جو غیر ضروری کوڈ کو خود ہٹا دیتا ہے اور repetitive کام خود انجام دیتا ہے۔
No Comments