کیا آپ کو گوگل وِڈز کا علم ہے؟ جانیں مکمل تفصیل
اکثر لوگ یوٹیوب یا سوشل میڈیا کے لیے ویڈیوز بنانا چاہتے ہیں لیکن یا تو انہیں ویڈیو ایڈیٹنگ نہیں آتی یا پھر پیچیدہ سافٹ ویئر انہیں مشکل لگتے ہیں۔ اسی لیے گوگل کا نیا ٹول ‘گوگل وِڈز’ اُن لوگوں کے لیے کسی نعمت سے کم نہیں جو بغیر کسی مہنگے پروگرام یا تجربے کے، صرف اپنے براؤزر میں شاندار ویڈیوز بنانا چاہتے ہیں۔
یہ ایک چھپا ہوا ٹول ہے جس کے بارے میں عام صارفین کو کم ہی معلوم ہوتا ہے۔ لیکن اگر آپ کے پاس گوگل کا پرو یا اےآئی پرو ورژن ہے، تو آپ اس زبردست فیچر سے فائدہ اٹھا سکتے ہیں۔ خاص طور پر طالب علموں کے لیے یہ ٹول بہترین ہے، کیونکہ یہ تعلیمی، تفریحی، اور بزنس ویڈیوز آسانی سے بنانے کی سہولت فراہم کرتا ہے۔
گوگل وِڈز کو استعمال کرنے کے لیے آپ vids.new پر جا سکتے ہیں یا براہِ راست گوگل پر ‘Google Vids’ سرچ کر کے بھی رسائی حاصل کر سکتے ہیں۔ انٹرفیس تقریباً گوگل ڈاکس یا گوگل سلائیڈز جیسا ہے، جہاں آپ کے پرانے پروجیکٹس بھی موجود ہوتے ہیں۔
جب آپ نیو پر کلک کرتے ہیں تو آپ کو ایک نیا خالی ٹیمپلیٹ نظر آتا ہے۔ یہیں سے اصل جادو شروع ہوتا ہے۔ آپ ٹائم لائن پر سینز ڈال سکتے ہیں۔ ان کے درمیان ٹرانزیشن شامل کر سکتے ہیں اور دائیں جانب موجود فیچرز جیسے کہ VEO3، اورتار، سکرپٹ ٹو وائس، اور ویڈیو ریکارڈنگ آپشنز استعمال کر سکتے ہیں۔
VEO3 کے ذریعے آپ صرف ٹیکسٹ دے کر ویڈیوز تیار کر سکتے ہیں۔ چاہیں تو ایک فرضی کردار (اورتار) منتخب کریں جو آپ کے لکھے ہوئے اسکرپٹ کو بولے گا۔ یا اپنی آواز ریکارڈ کر کے شامل کریں۔ یہاں تک کہ آپ اسکرین ریکارڈنگ بھی کر سکتے ہیں، چاہے وہ آپ کی ویڈیو ہو یا کسی پریزنٹیشن کی۔
ایک دلچسپ فیچر ‘اسٹوری بورڈ’ ہے۔ فرض کریں آپ کے پاس ایک مکمل اسکرپٹ ہے، جیسے کہ “جی میل اکاؤنٹ کیسے بنایا جائے”۔ آپ وہ اسکرپٹ اسٹوری بورڈ میں پیسٹ کریں، گوگل وِڈز خود بخود ہر قدم کے مطابق سینز اور مواد ترتیب دے گا۔ یہ نہ صرف وقت بچاتا ہے بلکہ نوزائیدہ صارفین کے لیے ویڈیو بنانا نہایت آسان بنا دیتا ہے۔
گوگل وِڈز میں اسٹاک لائبریری بھی شامل ہے، جہاں لاکھوں کی تعداد میں ویڈیوز، تصاویر، گِف، میوزک اور ساؤنڈ ایفیکٹس موجود ہیں۔ آپ صرف لفظ لکھیں جیسے “پاکستان” اور فوری طور پر متعلقہ ویڈیوز یا تصاویر آپ کے سامنے آ جائیں گی۔
اگر آپ اپنی آواز کو اردو میں سنانا چاہتے ہیں تو گوگل اے آئی اسٹوڈیو سے اردو میں وائس اوور تیار کر کے اپلوڈ کر سکتے ہیں۔ چونکہ ابھی گوگل وِڈز اردو وائز کو براہ راست سپورٹ نہیں کرتا، لیکن جلد ہی متوقع ہے کہ وہ بھی شامل ہو جائے گا۔
اگر آپ کے پاس ویڈیو بنانے کی حد (limit) مکمل ہو جائے تو آپ ایک اور گوگل اسٹوڈنٹ یا پرو اکاؤنٹ استعمال کر کے وہی پروجیکٹ دوسرے ای میل پر شیئر کر کے وہاں سے دوبارہ ویڈیو جنریٹ کر سکتے ہیں۔ یہ ایک زبردست حل ہے، خاص طور پر ان کے لیے جن کے پاس ایک سے زائد اکاؤنٹس ہیں۔
ویڈیو کمپوزیشن مکمل ہونے کے بعد آپ اپنی ویڈیو کو MP4 فارمیٹ میں ڈاؤن لوڈ کر کے یوٹیوب یا سوشل میڈیا پر شیئر کر سکتے ہیں۔ چاہے وہ انفوگرافک ہو، پریزنٹیشن، دستاویزی فلم یا کوئی تعلیمی ویڈیو، گوگل وِڈز ہر ضرورت پوری کرنے کی صلاحیت رکھتا ہے۔
گوگل وِڈز میں آڈیو، ویڈیو، امیج، ٹیکسٹ، اینیمیشن اور یہاں تک کہ لیپ سنکنگ (Lip-syncing) تک کی سہولت دستیاب ہے۔ صرف سادہ انٹرنیٹ کنیکشن اور ایک گوگل پرو اکاؤنٹ کی مدد سے آپ ہائی کوالٹی ویڈیوز بنا سکتے ہیں، وہ بھی براؤزر کے اندر ہی۔
اگر آپ محنت اور تھوڑی سمجھداری سے کام لیں، تو اس پلیٹ فارم کی مدد سے آپ یوٹیوب یا دیگر پلیٹ فارمز پر بہترین ویڈیوز تیار کر کے ناظرین تک پہنچا سکتے ہیں۔ بس ایک اچھی سکرپٹ، درست ٹیمپلیٹ اور مناسب اسٹاک ویژولز کی مدد سے کامیاب ویڈیو کانٹینٹ بنانے کی مکمل آزادی حاصل ہے۔

No Comments