
جیمنی 2.5، اب تک کا سب سے ذہین مصنوعی ذہانت ماڈل
گوگل نے ایک بار پھر سب کو حیران کر دیا ہے۔ جی ہاں، گوگل نے اپنا نیا مصنوعی ذہانت ماڈل “جیمنی 2.5″ متعارف کروا دیا ہے۔ جسے اب تک کا سب سے زیادہ ذہین اور جدید ماڈل قرار دیا جا رہا ہے۔ یہ ماڈل ایک خاص وجہ سے منفرد ہے کیونکہ یہ صرف سوالات کے جواب نہیں دیتا، بلکہ “سوچ” کر فیصلہ کرتا ہے۔ گوگل کے مطابق، جیمنی 2.5 وہ ماڈل ہے جو معلومات کو پرکھتا ہے، سیاق و سباق کو سمجھتا ہے، اور باقاعدہ تجزیہ کر کے جواب دیتا ہے۔
جیمنی 2.5 پرو گوگل کی طرف سے ذہانت کا شاہکار
اس نئے ماڈل کا ایک ورژن “جیمنی 2.5 پرو” کہلاتا ہے۔ جو اس وقت گوگل AI اسٹوڈیو اور جیمنی ایپ پر دستیاب ہے۔ اس ماڈل نے LMArena جیسے بینچ مارک پر پہلا نمبر حاصل کیا، جو کہ انسانی پسندیدگی کو ناپنے کا ایک عالمی معیار ہے۔ گوگل نے بتایا کہ یہ ماڈل ریاضی، سائنس، اور کوڈنگ جیسے شعبوں میں بھی شاندار کارکردگی دکھا رہا ہے، خاص طور پر ایسے ٹیسٹوں میں جہاں پیچیدہ سوچ اور تجزیے کی ضرورت ہوتی ہے۔
پروگرامنگ اور ویڈیو گیمز بنانے کی صلاحیت
جیمنی 2.5 پرو صرف تحریر یا سوالات تک محدود نہیں۔ یہ ویب ایپلی کیشنز، کوڈ میں تبدیلیاں، اور یہاں تک کہ ویڈیو گیمز بھی تیار کر سکتا ہے۔ صرف ایک لائن کی ہدایت پر، یہ مکمل کوڈ تیار کر دیتا ہے۔ گوگل نے یہ بھی بتایا کہ یہ ماڈل SWEBench جیسے کوڈنگ ٹیسٹ میں 63.8 فیصد اسکور کے ساتھ سرفہرست رہا۔ جو کہ اس کے ذہانت بھرے کام کی واضح مثال ہے۔
مختلف اقسام کی معلومات کا ماہر ماڈل
جیمنی 2.5 کی سب سے خاص بات یہ ہے کہ یہ “ملٹی موڈل” ماڈل ہے۔ یعنی یہ ایک وقت میں مختلف اقسام کی معلومات جیسے کہ تحریر، آواز، تصاویر، وڈیوز، اور یہاں تک کہ کوڈ فائلز کو بھی سمجھ سکتا ہے۔ اب یہ ماڈل ایک ملین ٹوکنز (یعنی معلوماتی اکائیاں) تک کا مواد بآسانی ہضم کر سکتا ہے۔ اور جلد ہی دو ملین تک کی صلاحیت بھی شامل کی جائے گی۔
عام صارف اور کاروباری اداروں کے لیے دستیاب
اگر آپ گوگل AI اسٹوڈیو استعمال کرتے ہیں یا جیمنی ایپ کے ایڈوانسڈ صارف ہیں۔ تو آپ آج ہی سے جیمنی 2.5 پرو کا تجربہ کر سکتے ہیں۔ گوگل جلد ہی اسے “ورٹیکس AI” پر بھی متعارف کرائے گا۔ تاکہ کمپنیاں اور ڈیویلپرز اسے بڑے پیمانے پر استعمال کر سکیں۔ گوگل کی جانب سے یہ بھی کہا گیا ہے کہ صارفین کی رائے کو سامنے رکھ کر ماڈل کو مسلسل بہتر بنایا جائے گا۔
حبیب گوہر
پیچیدگی کی عام فہم اور سادہ پیش کش کے لیے اردو اے آئی کا شکریہ ! ‘اردو اے آئی’ کو وڈیوز، مضامین اور مکالمہ کے ذریعے پاکستانی معاشرے میں اس جدید ٹیکنالوجی کے فروغ پر دونوں ہاتھوں سے سلام۔ یہ حکومتوں کے کرنے کا کام ہے جو ‘اردو اے آئی’ نے سنبھال رکھا ہے۔ یہ سلسلہ یونہی چلتا رہا تو بہت جلد ہماری ثقافتی شناخت میں جدت کی جھلک بہت نمایاں ہو گی۔ جن شخصیات کو اس سماجی بدلاؤ کا کریڈٹ جائے گا جناب قیصر رونجھا ان میں سے ایک ہوں گے۔ بہت شکریہ معراج رونجھا بہت اچھا لکھا۔