عام صارفین کے لیے گوگل جیمنی کی 2026 میں آسان اور مفت اے آئی سہولتیں
گوگل جیمنی کی نئی اپ ڈیٹس نے روزمرہ کے کئی عام کاموں کو نہایت آسان اور تیز تر بنا دیا ہے۔ اگر آپ ای میلز سے پریشان رہتے ہیں، یوٹیوب ویڈیوز بناتے ہیں یا ڈیزائن کے کام میں وقت ضائع ہوتا ہے، تو اب گوگل کی یہ سہولتیں آپ کے لیے ایک مکمل حل ثابت ہو سکتی ہیں۔ گوگل نے اپنی مختلف سروسز جیسے جی میل، گوگل ویڈیو، ڈیزائن ٹولز، اور نوٹ بُک میں ایسی تبدیلیاں کی ہیں جنہیں سمجھنے اور استعمال کرنے کے لیے کوئی ٹیکنیکل مہارت درکار نہیں۔ آئیے آسان زبان میں ان تبدیلیوں کو تفصیل سے سمجھتے ہیں۔
اب جب آپ صبح اپنی جی میل کھولتے ہیں، تو پہلے جیسا منظر نہیں ہوتا جہاں آپ کو ایک ایک ای میل پڑھ کر فیصلہ کرنا ہوتا تھا کہ کیا ضروری ہے اور کیا نہیں۔ گوگل نے “اے آئی اِن باکس” نامی نیا فیچر متعارف کرایا ہے۔ یہ ایسا نظام ہے جو خودکار طریقے سے آپ کے ای میلز کو ترتیب دیتا ہے اور صرف وہی ای میلز اوپر دکھاتا ہے جن پر فوری توجہ درکار ہوتی ہے۔ آپ کو بار بار کلک کرنے یا بار بار پڑھنے کی ضرورت نہیں۔
مثال کے طور پر اگر آپ کسی چیز کی واپسی یا ریفنڈ کے لیے کمپنی کو ای میل بھیجنا چاہتے ہیں، تو پہلے آپ کو آرڈر نمبر، تاریخ اور دوسری معلومات ڈھونڈنی پڑتی تھیں۔ اب یہ سارا کام جی میل خود کرے گا۔ بس آپ کہیں کہ مجھے ریفنڈ کی ای میل بھیجنی ہے، باقی معلومات خود نکال کر ای میل لکھ دے گا۔
اگر آپ کو کوئی پرانی ملاقات، کسی ریسٹورنٹ یا سفر کی تفصیل یاد نہیں آ رہی، تو آپ بس سوال کریں اور جی میل خود آپ کی پرانی ای میلز سے جواب نکال کر آپ کو بتا دے گا۔ یہ ایک ذاتی اسسٹنٹ کی طرح کام کرتا ہے جو آپ کے ساتھ بیٹھا ہے۔
یہ نئی سہولت تمام صارفین کے لیے نہیں بلکہ مرحلہ وار سب کو دی جا رہی ہے۔ اگر آپ کے جی میل میں ابھی یہ فیچر موجود نہیں تو فکر نہ کریں، جلد ہی یہ آپ کو بھی مل جائے گا۔
اب بات کرتے ہیں گوگل کے ایک اور دلچسپ فیچر کی جس کا نام ہے جیمنی جَیمز۔ یہ دراصل ایک ایسا ٹول ہے جسے آپ اپنی مرضی کے مطابق ترتیب دے سکتے ہیں۔ جیسے اگر آپ یوٹیوب ویڈیوز بناتے ہیں اور ہر بار نئے عنوان سوچنا مشکل لگتا ہے، تو آپ ایک جَیم بنا سکتے ہیں جو آپ کی ہدایات کے مطابق ویڈیو کے لیے ٹائٹل تجویز کرے۔
اس جَیم میں آپ بتاتے ہیں کہ آپ کا مقصد کیا ہے، کس قسم کی ویڈیوز آپ بناتے ہیں، اور کن باتوں کا خیال رکھنا ہے۔ گوگل کی مصنوعی ذہانت ان باتوں کو سمجھ کر بہترین نتائج پیش کرتی ہے۔
یہ صرف ٹائٹل بنانے تک محدود نہیں۔ اب گوگل نے ان جَیمز میں نئے ٹولز شامل کیے ہیں جیسے تصویر بنانا، ویڈیو بنانا، تفصیلی تحقیق کرنا، یا گوگل کیلنڈر اور جی میل سے معلومات نکال کر آپ کو نتائج دینا۔ یعنی اگر آپ ایک اسکول کے استاد ہیں، یوٹیوبر ہیں یا کوئی آن لائن کاروبار چلاتے ہیں، تو یہ ٹولز آپ کا بہت سا وقت بچا سکتے ہیں۔
ویڈیو بنانے کی بات ہو تو گوگل نے ایک اور زبردست فیچر متعارف کرایا ہے: AI Avatars۔ اب آپ کو کیمرہ، مائیک یا کسی ایڈیٹنگ سافٹ ویئر کی ضرورت نہیں۔ آپ بس ایک اسکرپٹ لکھیں، ایک مجازی چہرہ (اوَتار) منتخب کریں اور گوگل آپ کے لیے مکمل ویڈیو بنا دے گا۔
آپ کہہ سکتے ہیں: “آج ہم گوگل جیمنی کی اپ ڈیٹس پر بات کریں گے” اور یہ اوتار بالکل ایسے بولے گا جیسے کوئی انسان ویڈیو میں بات کر رہا ہو۔ اگر آپ کسی وجہ سے خود ویڈیو میں آنا نہیں چاہتے، تو یہ فیچر آپ کے لیے بہت مفید ہے۔
ڈیزائن کے شعبے میں گوگل نے ‘Stitch’ نامی ٹول میں تبدیلی کی ہے۔ پہلے اگر آپ کو کسی ویب سائٹ یا موبائل ایپ کا ڈیزائن بنانا ہوتا تو گھنٹوں لگتے تھے۔ اب بس اپنا آئیڈیا لکھیں اور گوگل آپ کو چند سیکنڈز میں مکمل ڈیزائن پیش کرے گا۔ جیسے اگر آپ کہیں کہ مجھے ایک ایپ کی ہوم اسکرین چاہیے جو شوگر لیول ٹریک کرے، تو گوگل فوری ایک خوبصورت ڈیزائن بنا دے گا۔
نوٹ بُک ایل ایم بھی اب پہلے جیسا سادہ نوٹ لینے کا ٹول نہیں رہا۔ اب یہ ایک نالج بیس بن چکا ہے۔ آپ جو کچھ بھی تحقیق کرتے ہیں، نوٹس لیتے ہیں یا معلومات جمع کرتے ہیں، وہ سب گوگل جیمنی کے جَیمز کے ساتھ منسلک ہو سکتے ہیں۔ اس کا فائدہ یہ ہے کہ آپ کو بار بار فائلز کھول کر معلومات ڈھونڈنے کی ضرورت نہیں۔ سب کچھ خود بخود جَیمز میں استعمال ہو جائے گا۔ اور سب سے اچھی بات یہ کہ آپ کی معلومات کہیں شیئر نہیں ہوتیں، بلکہ یہ صرف آپ کے لیے استعمال ہوتی ہیں۔
ایک اور دلچسپ اعلان چیٹ جی پی ٹی کی جانب سے آیا ہے جس کا نام ہے ‘ChatGPT Health‘۔ اگرچہ یہ گوگل کا فیچر نہیں، لیکن اے آئی کی دنیا میں یہ ایک اہم پیش رفت ہے۔ اس میں آپ اپنی میڈیکل رپورٹس، فٹنس ایپس، وزن، ورزش، خوراک، حتیٰ کہ اپنے ڈاکٹر کے چیک اپ کی تیاری بھی چیٹ جی پی ٹی سے کر سکتے ہیں۔
گوگل جیمنی اور چیٹ جی پی ٹی جیسے فیچرز ہمیں یہ بتاتے ہیں کہ اب وقت وہ نہیں رہا جب انسان سب کچھ خود کرتا تھا۔ اب اے آئی کی مدد سے ہم وہی کام نہ صرف تیزی سے کر سکتے ہیں بلکہ زیادہ بہتر انداز میں بھی۔
ایک حالیہ رپورٹ کے مطابق اگلے 12 مہینوں میں دنیا بھر میں 30 کروڑ نوکریاں اے آئی سے متاثر ہو سکتی ہیں۔ اس کا مطلب ہے کہ جو لوگ اے آئی کو اپنائیں گے، وہ آگے بڑھیں گے، اور جو اس سے دور رہیں گے، وہ پیچھے رہ جائیں گے۔
اس لیے اگر آپ بھی چاہتے ہیں کہ آپ کا وقت بچے، کام آسان ہو، اور آپ اس نئی دنیا میں پیچھے نہ رہیں، تو گوگل جیمنی کی یہ اپ ڈیٹس آپ کے لیے ایک نیا آغاز ثابت ہو سکتی ہیں۔ اسے استعمال کریں، سیکھیں، اور اپنی زندگی کو مزید آسان بنائیں۔

No Comments