گوگل کا نیا تجرباتی ایپ ڈوپل: اب کپڑے خریدنے سے پہلے خود پر آزما کر دیکھیں
مصنوعی ذہانت کا استعمال اب فیشن کی دنیا میں بھی قدم جما رہا ہے۔ اور اس کی حالیہ مثال گوگل کا نیا تجرباتی ایپ ڈوپل (Doppl) ہے۔ گوگل لیبز کے تحت متعارف ہونے والا یہ ایپلیکیشن صارفین کو یہ سہولت دیتا ہے کہ وہ مختلف ملبوسات کو اپنی ڈیجیٹل تصویر پر آزما کر دیکھ سکیں کہ وہ اُن پر کیسے نظر آئیں گے۔
ڈوپل کیسے کام کرتا ہے؟
گوگل کی اس نئی ایپ میں سب سے پہلے صارف کو اپنی مکمل جسمانی تصویر اپلوڈ کرنا ہوتی ہے۔ اس کے بعد صارف سوشل میڈیا، دوستوں یا کسی دکان میں نظر آنے والے ملبوسات کی تصویر یا اسکرین شاٹ لے کر ایپ میں اپلوڈ کر سکتا ہے۔ ایپ ان تصاویر کی مدد سے مصنوعی ذہانت کے ذریعے ایک ایسی تصویر تخلیق کرتی ہے جس میں صارف کا ورچوئل انداز دکھایا جاتا ہے ۔ کہ وہ مخصوص لباس میں کیسا دکھے گا۔
صرف تصاویر نہیں، اب ویڈیو بھی
ڈوپل صرف جامد (static) تصاویر تک محدود نہیں۔ ایپ ان ورچوئل تصاویر کو متحرک ویڈیوز میں بھی بدل سکتی ہے تاکہ صارف کو اندازہ ہو سکے کہ لباس چلتے پھرتے کیسا لگے گا۔ یہ فیچر خاص طور پر اُن صارفین کے لیے فائدہ مند ہے جو آن لائن شاپنگ سے قبل بہتر فیصلہ کرنا چاہتے ہیں۔
اپنی اسٹائل گیلری بنائیں
ڈوپل میں صارف اپنے پسندیدہ ملبوسات کو محفوظ کر سکتا ہے۔ ورچوئل ٹرائی آنز کی گیلری دیکھ سکتا ہے اور حتیٰ کہ اپنی ورچوئل لک دوسروں کے ساتھ شیئر بھی کر سکتا ہے۔
گوگل کا مقصد کیا ہے؟
ڈوپل ایپ دراصل گوگل شاپنگ کی اُن جدید خصوصیات کو مزید بہتر انداز میں الگ پلیٹ فارم پر لانے کی کوشش ہے۔ جہاں صارفین نہ صرف اپنے انداز کو تلاش کر سکیں بلکہ اس میں انٹرایکٹو اور تفریحی پہلو بھی شامل ہو۔ گوگل کے مطابق، یہ تجرباتی ایپ ان ابتدائی مراحل میں ہے اور ممکن ہے کہ ہر بار درست نتائج نہ دے۔ لباس کی فٹنگ، رنگ یا تفصیلات میں معمولی فرق ممکن ہے۔
فیشن اور ٹیکنالوجی کا امتزاج
ایسا پہلی بار نہیں کہ گوگل نے ورچوئل ٹرائی آن کا فیچر متعارف کروایا ہو۔ اس سے پہلے یہ سہولت مختلف ماڈلز پر کپڑوں کی نمائش تک محدود تھی۔ مگر ڈوپل کے ذریعے صارف خود اپنی ڈیجیٹل شکل میں کپڑے آزما سکتا ہے، جو کہ ایک بڑی تبدیلی ہے۔
تکنیکی ماہرین کا ماننا ہے کہ ڈوپل جیسے تجربات نہ صرف فیشن انڈسٹری کو نئی سمت دے رہے ہیں بلکہ صارفین کی آن لائن شاپنگ کو بھی زیادہ ذاتی، سہل اور دلچسپ بنا رہے ہیں۔