
اگر آپ تحریرلکھتے ہیں تو یہ 5 اے آئی پرامپٹس آپ کے لیے لازمی ہیں
کیا آپ نے کبھی ایسا محسوس کیا ہے کہ آپ کے ذہن میں خیالات تو بہت ہیں، مگر جب لکھنے بیٹھتے ہیں تو الفاظ ساتھ نہیں دیتے؟ یا کبھی ایسا لگا کہ آپ کی تحریر میں کچھ کمی سی ہے؟ اگر آپ بھی لکھنے سے محبت کرتے ہیں یا یہ آپ کا پیشہ ہے، تو اے آئی جیسے چیٹ جی پی ٹی آپ کے لیے ایک بہترین معاون ثابت ہو سکتا ہے۔ تحریر، جو ایک خالص انسانی عمل ہے، اب مصنوعی ذہانت کی مدد سے بہتر بنائی جا سکتی ہے۔ بشرطیکہ آپ درست پرامپٹس استعمال کریں۔
اگر آپ سیکھنا چاہتے ہیں کہ AI کو تحریر کے لیے کیسے استعمال کیا جائے، تو یہ ماسٹر کلاس ملاحظہ کریں۔
1: اپنی تحریر کا تنقیدی جائزہ لینا سیکھیں
ہم میں سے اکثر اپنی تحریر کے ساتھ جذباتی ہو جاتے ہیں۔ ہمیں خود پر تنقید کرنا مشکل لگتا ہے۔ چیٹ جی پی ٹی اس مرحلے پر آپ کا بہترین مددگار بن سکتا ہے۔ یہ نہ صرف آپ کی تحریر کی وضاحت، منطق اور انداز پر رائے دیتا ہے بلکہ بہتر بنانے کے عملی مشورے بھی دیتا ہے۔ اگر آپ چاہتے ہیں کہ آپ کی تحریر صرف “درست” نہ ہو بلکہ “مؤثر” بھی ہو، تو اس پرامپٹ کا استعمال کیجیے:
پرامپٹ:
“اس متن کا تنقیدی جائزہ لیں، اس کی وضاحت، ساخت اور مقصد پر رائے دیں اور بہتری کے لیے تجاویز فراہم کریں۔”
یہ پرامپٹ آپ کو وہ خامیاں دکھا سکتا ہے جو قاری کے لیے رکاوٹ بن سکتی ہیں۔ جیسے کہ پیغام کی غیر وضاحت، مواد کی غیر منطقی ترتیب یا نامکمل دلائل۔
2: جب زبان پر لفظ ہو، دماغ میں نہ ہو
ایسا لمحہ اکثر آتا ہے جب آپ جانتے ہیں کہ کیا کہنا ہے، مگر وہ ایک لفظ یاد نہیں آ رہا ہوتا۔ ایسے میں چیٹ جی پی ٹی آپ کو بہتر متبادل الفاظ دے سکتا ہے۔ یہ پرامپٹ اس وقت کام آتا ہے جب آپ اپنی تحریر کو زیادہ پالش، بامعنی اور فصیح بنانا چاہتے ہیں۔ اس سے نہ صرف زبان بہتر ہو گی بلکہ قاری کا اعتماد بھی بڑھے گا۔
پرامپٹ:
“براہ کرم اس لفظ کے لیے 10 بہتر متبادل تجویز کریں: [لفظ]”
یہ پرامپٹ خاص طور پر شاعروں، ادیبوں اور سوشل میڈیا رائٹرز کے لیے مفید ہے جو ہر لفظ کو چن کر لکھنا چاہتے ہیں۔
3: رائٹرز بلاک؟ اب نہیں
جب الفاظ رک جائیں، اور خیالات بھاگ جائیں تو مایوسی ہوتی ہے۔ چیٹ جی پی ٹی آپ کو لکھنے کی چھوٹی چھوٹی مشقیں دے سکتا ہے جو آپ کو دوبارہ قلم اٹھانے کی تحریک دیں گی۔ یہ مشقیں آپ کے دماغ کو متحرک کرتی ہیں۔ اور آپ کو نئے زاویے، کردار یا موضوعات کی طرف راغب کرتی ہیں جن پر آپ لکھ سکتے ہیں۔
پرامپٹ:
“مجھے پانچ مختصر مشقیں دیں جو میرے رائٹرز بلاگ کو ختم کرنے میں مدد کریں۔ میں [موضوع] پر لکھنا چاہتا ہوں۔”
نئے آئیڈیاز کے لیے آپ یہ بزنس آئیڈیاز بلاگ بھی پڑھ سکتے ہیں۔
4: پروف ریڈنگ، مگر سمارٹ انداز میں
پروف ریڈنگ ایک ایسا مرحلہ ہے جو اکثر جلدی میں مکمل کیا جاتا ہے یا نظر انداز ہو جاتا ہے۔ لیکن اگر آپ چاہتے ہیں کہ آپ کی تحریر معیاری ہو تو یہ مرحلہ بہت اہم ہے۔ چیٹ جی پی ٹی آپ کے متن کا ابتدائی جائزہ لے کر گرامر، ہجے، ساخت اور تسلسل میں پائی جانے والی غلطیوں کی نشاندہی کر سکتا ہے۔
پرامپٹ:
“براہ کرم اس متن کو پروف ریڈ کریں، گرامر، ہجے اور انداز میں تسلسل کی غلطیاں درست کریں اور ترمیم شدہ ورژن فراہم کریں۔”
یہ پرامپٹ طلبہ، بلاگرز اور رپورٹرز کے لیے بہترین ہے جو اپنے مواد کو شائع کرنے سے پہلے فائنل ریویو چاہتے ہیں۔
5: قائل کرنے والی تحریر لکھیں
تحریر صرف معلومات کی منتقلی نہیں بلکہ سوچ کی ترسیل ہے۔ اگر آپ چاہتے ہیں کہ قاری آپ کے نقطہ نظر کو سمجھے اور اس سے متاثر ہو۔ تو آپ کو جاننا ہو گا کہ آپ کی تحریر کتنی قائل کرنے والی ہے۔ چیٹ جی پی ٹی آپ کی تحریر کے انداز، زبان اور ساخت کا تجزیہ کر کے آپ کو بہتری کی تجاویز دے سکتا ہے۔
پرامپٹ:
“اس تحریر کا مقصد ہے کہ قاری کو [مقصد] پر قائل کیا جائے۔ براہ کرم اس کی تاثیر کا تجزیہ کریں اور بہتری کے لیے مشورے دیں۔”
اے آئی دشمن نہیں، معاون ہے
تحریر ایک فن ہے، اور اے آئی اس فن کو سنوار سکتا ہے چھین نہیں سکتا۔ اب اے آئی سے بھاگنا ممکن نہیں۔ تو کیوں نہ اسے سمجھ کر اپنایا جائے؟ اب وقت آ گیا ہے کہ اے آئی کو ایک عام ٹیکنالوجی سمجھا جائے۔ اور اگر آپ طالب علم یا استاد ہیں تو اے آئی اور تعلیم کا مستقبل بھی آپ کے لیے پڑھنا ضروری ہے۔
ام زینب
ویری گڈ ماشااللہ بہت کچھ سیکھنے کو ملتا ہے
شکریہ اردو اے آئی 💞