Site icon Urdu Ai

چیٹ جی پی ٹی میں گروپ چیٹ کا فیچر کیسے کام کرتا ہے؟ مکمل تفصیل

چیٹ جی پی ٹی میں گروپ چیٹ کا فیچر کیسے کام کرتا ہے؟ مکمل تفصیل

چیٹ جی پی ٹی میں گروپ چیٹ کا فیچر کیسے کام کرتا ہے؟ مکمل تفصیل

چیٹ جی پی ٹی میں گروپ چیٹ کا فیچر کیسے کام کرتا ہے؟ مکمل تفصیل

اگر آپ دفتر کے منصوبے، فیملی ڈنر یا دوستوں کے ساتھ ویک اینڈ ٹرپ کی تیاری کر رہے ہیں تو اب آپ کو مختلف چیٹس میں پیغام بھیجنے کی ضرورت نہیں، کیونکہ اب چیٹ جی پی ٹی نے ایک نیا فیچر متعارف کرایا ہے جسے “گروپ چیٹ” کہا جا رہا ہے۔ اس فیچر کی مدد سے آپ ایک ہی جگہ پر دوستوں، رشتہ داروں اور ساتھیوں کو اکٹھا کر کے نہ صرف بات چیت کر سکتے ہیں بلکہ چیٹ جی پی ٹی کو بھی اپنے ساتھ اس گفتگو میں شامل کر سکتے ہیں۔ اس کا مقصد صرف بات کرنا نہیں بلکہ باہمی منصوبہ بندی، فیصلے اور خیالات پر عمل درآمد ہے۔ وہ بھی سب کی موجودگی میں۔

اوپن اے آئی کی جانب سے یہ فیچر ابتدائی طور پر جاپان، نیوزی لینڈ، جنوبی کوریا اور تائیوان میں متعارف کرایا گیا ہے۔ اس وقت یہ سہولت ان صارفین کے لیے دستیاب ہے جو چیٹ جی پی ٹی کے فری، گو، پلس یا پرو پلان استعمال کر رہے ہیں اور لاگ ان ہیں۔ اسے ایک پائلٹ فیچر کے طور پر شروع کیا گیا ہے۔ جس کا مطلب ہے کہ ادارہ فی الوقت صارفین کی آراء اور تجربات کی بنیاد پر اس فیچر کو بہتر بنانے کا ارادہ رکھتا ہے تاکہ اسے دنیا بھر میں مزید علاقوں تک وسعت دی جا سکے۔

گروپ چیٹ فیچر کو استعمال کرنا آسان ہے۔ کسی بھی نئی یا پرانی چیٹ میں دائیں اوپر والے کونے میں ’people‘ کے آئیکن پر ٹیپ کریں اور وہاں سے اپنے گروپ کے افراد کو شامل کریں۔ جیسے ہی آپ کسی کو شامل کرتے ہیں، چیٹ جی پی ٹی موجودہ چیٹ کی ایک کاپی بنا لیتا ہے تاکہ آپ کی پرانی چیٹ محفوظ رہے۔ اس طرح تمام گروپ چیٹس آپ کے سائیڈ بار میں ایک الگ اور واضح سیکشن میں ظاہر ہوں گی جہاں سے ان تک رسائی آسان ہو گی۔

گروپ میں شامل ہونے کے لیے صرف ایک لنک شیئر کرنا کافی ہے۔ ایک گروپ میں زیادہ سے زیادہ بیس افراد کو شامل کیا جا سکتا ہے۔ یہ لنک کوئی بھی گروپ ممبر دوسروں کو بھیج سکتا ہے تاکہ وہ بھی گفتگو کا حصہ بن سکیں۔ پہلی بار جب کوئی صارف گروپ چیٹ جوائن کرے گا، اسے اپنا مختصر پروفائل ترتیب دینا ہو گا، جس میں نام، یوزرنیم اور تصویر شامل ہوگی تاکہ سب کو معلوم ہو کہ گروپ میں کون کون شامل ہے۔

چیٹ جی پی ٹی گروپ چیٹس میں صرف ایک بوٹ نہیں بلکہ ایک سمارٹ معاون بن کر شامل ہوتا ہے۔ یہ گفتگو کا بہاؤ سمجھ کر فیصلہ کرتا ہے کہ کہاں جواب دینا ہے اور کہاں خاموش رہنا بہتر ہے۔ اگر آپ اسے کسی خاص سوال کا جواب دینا چاہیں تو صرف اس کا نام یعنی “ChatGPT” لکھ کر پکاریں۔ اس کے علاوہ چیٹ جی پی ٹی اب ایموجی سے رد عمل ظاہر کر سکتا ہے اور گروپ ممبرز کی پروفائل تصاویر کا استعمال کرتے ہوئے دلچسپ اور ذاتی نوعیت کی تصویریں بھی تخلیق کر سکتا ہے۔

گروپ چیٹس کے ذریعے منصوبہ بندی کرنا اب زیادہ آسان ہے۔ فرض کریں کہ آپ دوستوں کے ساتھ ایک ٹرپ پلان کر رہے ہیں۔ آپ سب گروپ چیٹ میں اپنی رائے دے سکتے ہیں، ممکنہ مقامات کا موازنہ کر سکتے ہیں، اور چیٹ جی پی ٹی کی مدد سے ایک مکمل سفر نامہ اور پیکنگ لسٹ تیار کی جا سکتی ہے۔ اور یہ سب اس وقت ہو رہا ہے جب ہر شریک اپنی رائے شامل کر رہا ہے۔ اس کے علاوہ اگر آپ گھر کی آرائش، باغیچے کی ترتیب یا نئے اپارٹمنٹ کے لیے آرٹ کا انتخاب کر رہے ہیں تو چیٹ جی پی ٹی تمام اسٹائل، رنگ، ترجیحات اور خیالات کو جمع کر کے بہترین تجاویز دے سکتا ہے۔

یہ سہولت نہ صرف گھریلو معاملات میں کارآمد ہے بلکہ دفتری یا تعلیمی منصوبوں کے لیے بھی انتہائی مفید ہے۔ آپ ایک ساتھ کسی موضوع پر تحقیق کر سکتے ہیں۔ معلومات، نوٹس اور سوالات شیئر کر سکتے ہیں، اور چیٹ جی پی ٹی ان سب کا خلاصہ یا ترتیب وار تجزیہ کر کے آپ کی راہنمائی کر سکتا ہے۔

گروپ چیٹ میں جوابات چیٹ جی پی ٹی کے GPT-5.1 Auto ماڈل کی بنیاد پر دیے جاتے ہیں۔ یہ ماڈل صارف کے پلان کے مطابق بہترین دستیاب ماڈل کا انتخاب کرتا ہے۔ گروپ چیٹ میں سرچ، امیج جنریشن، فائل اپلوڈ، وائس ڈکٹیٹ، اور دیگر سہولیات فعال ہوتی ہیں۔ صرف چیٹ جی پی ٹی کے جوابات پر ریٹ لِمٹس لاگو ہوتی ہیں، جبکہ صارفین کے درمیان پیغامات پر ایسی کوئی پابندی نہیں ہوتی۔

پرائیویسی اور تحفظ کے لیے کئی اہم اقدامات کیے گئے ہیں۔ سب سے اہم بات یہ ہے کہ گروپ چیٹس آپ کی ذاتی چیٹس سے مکمل طور پر الگ ہوتی ہیں۔ چیٹ جی پی ٹی گروپ چیٹس میں نہ تو آپ کی پرسنل میموری کا استعمال کرتا ہے، نہ ہی ان چیٹس سے کوئی نئی میموری تیار کی جاتی ہے۔ اس وقت صرف چیٹ جی پی ٹی کی ہدایات کو گروپ چیٹس کے لحاظ سے ترتیب دینے کی سہولت دستیاب ہے، لیکن مستقبل میں مزید تفصیلی کنٹرول بھی فراہم کیے جا سکتے ہیں تاکہ صارف فیصلہ کر سکے کہ چیٹ جی پی ٹی میموری کا استعمال کہاں اور کیسے کرے۔

صارفین کو مکمل اختیار حاصل ہے کہ وہ دعوت ملنے پر ہی گروپ میں شامل ہوں، کسی بھی وقت گروپ چھوڑ سکیں یا گروپ میں موجود ممبرز کو دیکھ سکیں۔ صرف گروپ بنانے والے کو کوئی دوسرا ہٹا نہیں سکتا، جب تک کہ وہ خود گروپ سے نہ نکلے۔ کم عمر صارفین کی حفاظت کے لیے بھی فیچرز شامل کیے گئے ہیں۔ اگر کسی گروپ چیٹ میں شامل ہونے والا فرد اٹھارہ سال سے کم عمر ہو تو چیٹ جی پی ٹی خود بخود حساس مواد کی مقدار کم کر دیتا ہے۔ اس کے علاوہ والدین یا سرپرست پرنٹل کنٹرول کے ذریعے گروپ چیٹس کو مکمل طور پر بند بھی کر سکتے ہیں۔

اوپن اے آئی کے مطابق گروپ چیٹس صرف شروعات ہیں۔ ادارے کا مقصد چیٹ جی پی ٹی کو ایک ایسا مشترکہ پلیٹ فارم بنانا ہے جہاں لوگ نہ صرف بات چیت کریں بلکہ خیالات، تخلیقات، منصوبے اور فیصلے بھی آپس میں شیئر کر سکیں۔ وہ بھی چیٹ جی پی ٹی کی رہنمائی کے ساتھ۔ یہ نیا فیچر وقت کے ساتھ صارفین کے تجربات اور رائے کی بنیاد پر مزید بہتر بنایا جائے گا تاکہ یہ سب کے لیے زیادہ فائدہ مند ہو۔

Exit mobile version