
کیا جیمنی اے پی آئی میں گوگل میپس کی شمولیت لوکل سرچ کو بدل دے گی؟
ڈیولپرز کے لیے یہ ایک بڑی خبر ہے کہ اب وہ جیمنی اے پی آئی میں گوگل میپس کا استعمال کر کے ایسی ایپلیکیشنز بنا سکتے ہیں جو مقامی ڈیٹا سے براہ راست منسلک ہوں، جیسے قریبی ریسٹورینٹس، اسکولز یا مقامات کی تفصیل وہ بھی بالکل اصل وقت میں۔
گوگل نے اپنی جدید اے آئی ماڈلز میں “Grounding with Google Maps ” کا نیا فیچر متعارف کروا دیا ہے۔ جو جیمنی API کے تحت کام کرتا ہے۔ اس کا مطلب یہ ہے کہ اب جیمنی کی ریزننگ صلاحیتوں کو گوگل میپس کے 250 ملین سے زیادہ مقامات کے ڈیٹا سے جوڑا جا سکتا ہے۔ اس فیچر کے ذریعے ڈیولپرز اب ایسے طاقتور اور جیوگرافیکل سیاق و سباق رکھنے والے اے آئی پراڈکٹس تخلیق کر سکتے ہیں جو نہ صرف سوال کا جواب دیں بلکہ وہ معلومات بھی فراہم کریں جو صرف گوگل میپس جیسے پلیٹ فارم سے دستیاب ہوتی ہیں۔
جب صارف کوئی ایسا سوال کرتا ہے جس میں مقام کی معلومات درکار ہو، جیسے کہ “میرے قریب بہترین اطالوی ریسٹورنٹس کہاں ہیں؟”، تو جیمنی ماڈل اب صرف اندازے پر مبنی جواب نہیں دے گا بلکہ گوگل میپس میں موجود درست اور اپڈیٹڈ ڈیٹا جیسے صارفین کے ریویوز، کاروباری اوقات، تصاویر اور دیگر تفصیلات کی بنیاد پر جواب تیار کرے گا۔ اس کے ساتھ ساتھ اگر صارف چاہے تو وہی معلومات ایک انٹرایکٹو گوگل میپس ویجیٹ میں بھی دیکھ سکتا ہے۔ جو نہ صرف معلوماتی ہے بلکہ صارفین کو ایک مانوس اور دلکش تجربہ فراہم کرتا ہے۔
وہ ڈیولپرز جو پائتھن SDK استعمال کرتے ہیں تو صرف چند لائنز کوڈ کے ذریعے اس فیچر کو اپنی درخواست میں شامل کیا جا سکتا ہے۔ مثلاً آپ ٹولز کے پیرامیٹر میں Google Maps کو بطور ٹول شامل کرتے ہیں اور لوکیشن کے لیے مخصوص لیٹیٹیوڈ اور لانگیٹیوڈ بھی فراہم کر سکتے ہیں تاکہ تلاش کا دائرہ کسی خاص علاقے تک محدود ہو جائے۔
گوگل میپس کی گراؤنڈنگ کا استعمال نہ صرف سیاحت کی ایپس کے لیے کارآمد ہے بلکہ رئیل اسٹیٹ، ریٹیل اور لاجسٹکس جیسی صنعتوں میں بھی انقلابی تبدیلی لا سکتا ہے۔ ایک سیاحتی ایپ اب صارف کے لیے نہ صرف مقامات کی فہرست دے سکتی ہے بلکہ مکمل منصوبہ بھی ترتیب دے سکتی ہے، جس میں فاصلے، سفری وقت، اور کاروباری اوقات بھی شامل ہوں۔ اسی طرح، اگر ایک خاندانی شخص اپنے بچوں کے لیے محفوظ اور دوستانہ محلے میں گھر تلاش کر رہا ہو، تو ایپ قریبی اسکولز، پارک اور دیگر سہولیات کی بنیاد پر بہتر تجاویز دے سکتی ہے۔
اس کے علاوہ، صارف اگر کسی خاص جگہ کے بارے میں مخصوص سوال پوچھے، جیسے “کیا مین اسٹریٹ پر موجود کیفے میں آؤٹ ڈور سیٹنگ ہے؟” تو جیمنی ماڈل صارفین کے ریویوز، میپس کی لوکیشن ڈیٹیل اور دیگر دستیاب معلومات سے جواب تیار کرتا ہے، جو ایک عام اے آئی ماڈل کے لیے ممکن نہیں تھا۔
دلچسپ بات یہ ہے کہ گوگل نے اس فیچر کو مزید بہتر بنانے کے لیے “Grounding with Google Search” کو بھی شامل کرنے کا اختیار دیا ہے۔ یعنی آپ ایک ہی وقت میں سرچ اور میپس دونوں ٹولز کا استعمال کر سکتے ہیں۔ میپس آپ کو درست پتے، کاروباری اوقات اور صارف کی ریٹنگ فراہم کرتا ہے جبکہ سرچ ٹول سے آپ کو تازہ خبریں، ایونٹس، اور دیگر ویب پر دستیاب معلومات مل سکتی ہیں۔ مثال کے طور پر اگر کوئی صارف پوچھے “بیل اسٹریٹ پر آج لائیو میوزک کہاں ہو رہا ہے؟” تو جیمنی ماڈل میپس سے وینیوز کی معلومات اور سرچ سے شو کے اوقات نکال کر ایک مکمل اور تازہ جواب فراہم کرتا ہے۔
گوگل کی جانب سے یہ ٹول اب عام دستیابی میں ہے اور جیمنی کے جدید ماڈلز جیسے gemini-2.5-flash-lite کے ساتھ استعمال کے لیے دستیاب ہے۔ اس کے لیے آپ گوگل اے آئی Studio میں موجود ڈیمو ایپ کو استعمال کر کے فیچر کا تجربہ کر سکتے ہیں یا اپنی مرضی کے مطابق اسے ری مکس کر کے نئے ٹولز اور UI ایلیمنٹس شامل کر سکتے ہیں۔
گوگل میپس گراؤنڈنگ کے فیچر کو استعمال کرنے کے لیے گوگل نے مکمل دستاویزات بھی فراہم کی ہیں، جہاں سے آپ اس فیچر کی قیمت، استعمال کا طریقہ اور تکنیکی تفصیلات کے بارے میں سیکھ سکتے ہیں۔ مزید برآں، Google Gemini API Cookbook میں اس ٹول کے استعمال کی عملی مثالیں بھی شامل کی گئی ہیں تاکہ ڈیولپرز کو اپنے پراجیکٹس میں انضمام میں آسانی ہو۔
یہ کہنا بجا ہوگا کہ گوگل میپس کے ساتھ گراؤنڈنگ ڈیولپرز کے لیے ایک بریک تھرو فیچر ہے جو مصنوعی ذہانت کو حقیقی دنیا سے جوڑ کر صارف کو زیادہ بہتر، ذاتی نوعیت اور مقامی نوعیت کے جوابات فراہم کرنے میں مدد دیتا ہے۔ اب اے آئی صرف اندازے نہیں لگائے گی بلکہ معتبر ذرائع سے تصدیق شدہ جوابات دے گی، اور یہ تبدیلی تکنیکی دنیا میں ایک نیا معیار متعین کرے گی۔
No Comments